دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اپنی ترجیحات درست کریں صلاحیت پر ہمیں کوئی شبہ نہیں
ناصر بٹ
ناصر بٹ
انٹیلی جنس کی کمزوریاں واضح ہیں جن پر تنقید بھی جائز ہے جب آپ نے پاکستان کی دفاعی ضروریات کا مکمل اختیار اپنے ہاتھ میں رکھا ہے تو پھر انٹیلی جنس فول پروف ہونا بھی آپکی ذمہ داری ہے مگر اسکے ساتھ ساتھ جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ کا جو آن گراؤنڈ کاؤنٹر آپریشن ہوا ہے اسکی داد نہ دینا بھی زیادتی ہے۔
شاید بہترین سے بہترین وسائل رکھنے والی کوئی ایجنسی بھی اسقدر دشوار علاقے میں اس سرعت اور ماہرانہ انداز میں ایسا کامیاب آپریشن نہ کر سکتی جیسا کہ پاکستان کی دفاعی فورسز نے کیا ہے۔
میرا ماننا ہے کہ اگر سیاسی مسائل سے خود کو الگ کر کے ہمارا دفاعی ادارہ صرف اپنے کام پر فوکس کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ وہ انٹیلی جنس میں بھی اسی طرح پرفارم نہ کر سکے اور پاکستان کو پیش آنے والے کسی بھی خطرے کی پیشگی جانکاری حاصل کر کے اسکا خاتمہ نہ کر سکے۔
میں اس بات سے کلی طور پر متفق ہوں کہ یہ آپریشن کاؤنٹر ٹیرر ازم کے نصاب میں پڑھائے جانے کے قابل ہے۔
اس آپریشن میں جسطرح کی منصوبہ بندی کی گئی زمینی اور فضائی فورسز میں جو تال میل تھا،جانی نقصان کو جسطرح محفوظ بنایا گیا اور جس طرح سے اسے کامیابی کے ساتھ عملی جامہ پہنایا گیا وہ سب لاجواب تھا اور واقعی قابل فخر ہے۔
اس آپریشن میں وقت کی بھی بہت اہمیت تھی اگر وقت زیادہ لگتا تو جانی نقصان بھی زیادہ ہوتا مگر جس تیزی سے فورسز حرکت میں آئی ہیں اور اپنے لاجسٹکس مجتمع کر کے کاؤنٹر اٹیک کیا ہے اس سے جانی نقصان کم ہوا ہے ورنہ جنہوں نے یہ اٹیک پلان کیا تھا انکے منصوبے بہت گھناؤنے تھے۔
اپنی ترجیحات درست کریں صلاحیت پر ہمیں کوئی شبہ نہیں۔
واپس کریں