جنید ملک
پہلی تاریخ سے پیٹرول کی قیمت بڑھنےکا سن کر پریشان بیٹھا تھا تو ایسے میں اچانک ایک خیال ذہن میں آیا کہ سرکاری عیاشیاں یعنی وزیروں مشیروں اور اعلی سرکاری افسران کے پروٹوکول اور ان کی خدمت میں تعینات عوام کے پیسے سے تنخواہ لینے والے اہلکار اور عوام کے پیسے سے خریدی گئی بیش قیمت گاڑیاں، مفت بجلی، مفت پیٹرول، مفت میڈیکل وغیرہ تو اپبی جگہ ہیں لیکن ایک اہم نقطے پر میں نے کبھی غور ہی نہیں کیا۔
تو چلیں آج غور کر لیتے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ پاکستان تیل امپورٹ کرتا ہے اور تیل کی امپورٹ معیشت پر ایک بوجھ ہے۔ اور یہ بات درست بھی ہے۔ لیکن جب بات تیل کی کھپت پر آتی ہے تو سیاستدانوں اور معیشت دانوں کی تان عوام پر آ کر ٹوٹتی ہے۔ یہ تمام افراد کارخانوں، پبلک ٹرانسپورٹ، پرائیویٹ گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، کمرشل ہوائی جہازوں میں استعمال ہونے والے ایندھن کی بات تو کرتے ہیں لیکن کوئی یہ نہیں بتاتا کہ تیل کا سب سے زیادہ استعمال مسلح افواج کی طرف سے کیا جاتا ہے۔ فوجی گاڑیوں کی نقل و حرکت، ٹینکوں اور مشینری کی نقل و حرکت، جنگی اور تربیتی طیاروں کی اڑان، ہیلی کاپٹروں، بحری جنگی بیڑوں آبدوزوں وغیرہ کے لیئے استعمال ہونے والا ایندھن کیا مسلح افواج اپنی جیب سے امپورٹ کرتی ہیں؟
آئے دن ہونے والی مشقیں، تربیتی پروازیں، جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی ہروازیں، فوجی ٹرانسپورٹ طیاروں کی پروازیں، جرنیلوں کے پروٹوکول کی نقل و حرکت، ویگو ڈالوں کی نقل و حرکت۔ کیا کسی نے سوچا کہ روزانہ کی بنیاد پر ان سب پر کتنا تیل خرچ ہوتا ہو گا؟
مسلح افواج گزشتی کئی سالوں سے بلوچستان اور فاٹا کے علاقوں میں اپنے ہی شہریوں کے خلاف مسلسل آپریشن میں مصروف ہیں۔ کیا ان آپریشنز میں فوجی ٹرکوں، جیپوں، بکتر بند گاڑیوں، ہیلی کاپٹروں، اور طیاروں وغیرہ کی نقل و حرکت نہیں ہوتی ہو گی؟
فوجی بیرکوں، آرمی، نیوی اور فضائیہ کے پرتعیش میسوں، گالف کلبوں، فوجی افسران کے زیر استعمال پرتعیش سرکاری بنگلوں میں جو بجلی استعمال ہوتی ہے کیا وہ تیل سے نہیں بنائی جاتی؟
اس سب کے باوجود تیل کی کھپت عوام کے کھاتے میں ڈال کر انہیں کہا جاتا ہے کہ حکومت اب تیل پر سبسڈی نہیں دے گی۔ ارے عقل کے اندھو جو تیل عوام استعمال کرتی ہے اس سے پیداواری، صنعتی اور کاروباری سرگرمیاں ہوتی ہیں جن سے حکومت کو ٹیکس ملتا ہے۔ تیل پر سبسڈی دے کر حکومت عوام پر کوئی احسان نہیں کرتی۔ مسلح افواج جو تیل استعمال کرتی ہیں اس سے حکومت کو کیا ملتا ہے؟
آخر میں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ ان سالے آئی ایم ایف والوں کو کیا یہ سب نظر نہیں آتا؟
واپس کریں