اظہر سید
امریکہ چین تجارتی جنگ کی انتہائی سرگرمی کے دوران پہلگام میں سیاحوں کے قتل کا واقعہ ہوا ۔بھارتی میڈیا نے فوری تانے بانے پاکستان سے جوڑنا شروع کر دیے اور 24 گھنٹے کے اندر بھارتی حکومت نے میڈیا کے الزام کی توثیق کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف انتہائی اقدامات کا اعلان کر دیا ۔
یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں جتنا نظر آتا ہے ۔یہ واقعہ بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ کے بعد فوجوں کے ایک دوسرے کے سامنے آن کھڑا ہونے سے زیادہ گھمبیر ہے ۔بھارت نے لائین آف کنٹرول اور انٹرنیشنل بارڈرز پر پانچ لاکھ افواج کھڑی کر دی تھیں لیکن سندھ طاس معاہدہ کی معطلی کا اعلان نہیں کیا تھا ۔
اس معاہدہ کی معطلی کا دوسرا مطلب یہ ہے بھارت 25 کروڑ انسانوں کو بھوک سے مارنا چاہتا ہے ۔یہ اور بات ہے دریا کا پانی روکنے کیلئے ڈیم بنانے میں بیس سال لگ جائیں گے ۔
اصل میں سندھ طاس معاہدہ کی معطلی سے بھارت نے عالمی برادری کو اپنی سنجیدگی کا پیغام دیا ہے ۔
بھارتی میڈیا میں جو پاگل پن سوار ہے وہ بھی بھارتی حکومت اور اسٹیبلیشمنٹ کی ایما پر ہے ۔پہلگام میں سیاحوں کا قتل اور اس کے بعد بھارتی ردعمل اس سارے معاملہ کو مشکوک بناتا ہے اور واضح طور پر اس کے تانے بانے امریکہ چین کشمکش سے جڑے ہیں ۔
دنیا کا ہر معیشت دان سمجھ چکا ہے امریکی معیشت ڈوبنے کو ہے ۔ ڈالر پر اعتبار کرنے والی دنیا کا اعتبار ختم ہو چکا ہے وہ سونے کی خریداری کی طرف چل نکلی ہے ۔صرف ایک عالمی جنگ ہی امریکی معیشت اور اس کی سپر پاور کی حیثیت بچا سکتی ہے ۔
پاکستان پر بھارت کا متوقع حملہ اصل میں چین کو انگیج کرنے کی کوشش ہو گی ۔ہماری رائے اگر درست ہے تو بھارتی ہدف اصل میں شاہراہ قراقرم کو کاٹنے کی کوشش ہو گی اور حملہ کا اصل حصہ شمالی علاقہ جات گلگت بلتستان ہونگے ۔بھارتیوں کی یہ حرکت سی پیک کے تحفظ کیلئےچینیوں کو انگیج کرنے کے امریکی پروگرام کا حصہ ہو گا ۔اس حرکت کیلئے امریکیوں نے بھارتیوں کو یقینی طور پر بڑی ٹھوس یقین دہانیاں کرائی ہونگی ۔
امریکی صدر جب کہتا ہے دونوں ملکوں کے درمیان انکے قیام سے بھی پہلے کی دشمنی ہے تو اصل میں امریکی بھارت کو ہلہ شیری دے رہے ہیں حملہ کر دو ہم مداخلت نہیں کریں گے ۔امریکی صدر کا پیغام اصل میں یہ بھی ہے جی ایچ کیو اور پینٹا گون میں ستر سال سے جاری ہنی مون ختم ہو گیا ہے ۔
پاکستانی معیشت دباؤ کا شکار ہے ۔فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم سے ایک رائے عامہ ہموار ہو چکی ہے ۔مشرق میں طالبان کی دہشت گردی ہے تو مغرب میں بھارتی ان کھڑے ہونگے ۔بلوچستان میں الگ سے عسکریت پسندی ایک چیلنج ہے ۔پاکستان کی سابق اسٹیبلشمنٹ کے لوگوں نے بھلے چینیوں کے ساتھ توہین آمیز سلوک کیا ہو حالات کا جبر پاک چین دوستی کے علاؤہ کوئی دوسرا آپشن نہیں چھوڑتا۔
پاکستان کو ہدف بنانا اصل میں چین کو ایک طاقتور حلیف سے محروم کرنا ہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے ۔
ہم سمجھتے ہیں پہلگام میں سیاحوں کا قتل بھارت امریکہ اسکیم ہے جس میں بھارتی چین کے خلاف امریکی حلیف بن کر ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔
امریکی بھارت کی اسرائیل کے زریعے مدد کریں گے اور دنیا کو دھوکہ دیں گے ۔
بظاہر چینی اس وقت خاموش ہیں اور تمام معاملات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں ۔چینی ردعمل آج نہیں تو کل ضرور آئے گا اور چینی ردعمل ہی طے کرے گا معاملات کس رخ پر جانے ہیں ۔
واپس کریں