طاہر سواتی
جب تک نہتے مسافر دھشت گردوں کے ہاتھوں یرغمالی تھے تو چاروں طرف سے یہی آوازیں آرہی تھیں ، تم یہ جنگ ہار چکے ہو، بلوچستان آپ کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے۔ ناراض بلوچوں سے معافی مانگ لو، وغیرہ وغیرہ ، جب کسی بڑے جانی نقصان کے بغیر دھشت گردوں کا صفایا ہوا اور تمام یرغمالی بازیاب کروا لئے گئے تو شور آٹھا کہ یہ تو فوج کا اپنا ڈرامہ تھا، ۹ مئی کی طرح فالس فلیگ آپریشن تھا۔
اب اگر یہ فوج کا خود ساختہ ڈرامہ تھا اور بی ایل اے آفیشلی اس کی ذمہ داری قبول کررہی تھی تو پھر سارے نام نہاد انقلابیوں کو تسلیم کرنا پڑیگا کہ بی ایل اے فوج کی بی ٹیم ہے اور اسے گلوریفائی کرنے والے دانشور گیٹ نمبر چار کی ناجائز پیداوار ہیں ۔
بی ایل اے کی دھشت گردانہ کاروائیوں کو ہر بار مسنگ پرسن کے ساتھ جوڑا جاتا ہے ۔مسنگ پرسن ایک انتہائی سنگین معاملہ ہے اور میں نے اس پر کئی بار لکھا ہے ،
لیکن اگر دھشت گردی کی کسی کاروائی کے لئے بنیاد اور جواز تلاش کیا جاسکتا ہے تو پھر مسنگ پرسن کی بھی کوئی وجہ تو ہوگی ۔
تاریخی لحاظ سے میں صرف خیبر پختونخواہ کا جائز پیش کروں تو یہاں بابڑا کا قتل عام ہوا، راولپنڈی لیاقت باغ میں ولی خان کے جلسے پر فائرنگ ہوئی ، باچا خان اور اس کے ساتھی کئی کئی سال جیل میں رہے ۔
یعنی سر عام قتل عام اور سیاسی بنیادوں پر گرفتاریاں تو ہوتی رہی ہیں لیکن مسنگ پرسن کا رواج نہیں رہا ۔
سوات اور قبائلی علاقوں میں پہلی بار بڑی تعداد میں مسنگ پرسن کے واقعات اس وقت وقوع پذیر ہونا شروع ہوئے جب اے اینُ پی خود اقتدار میں تھی ۔
وجہ اس کی ان علاقوں میں فوجی آپریشن تھے۔
اس کا مطلب ہے کہ جہاں شورش ہو ، دود بدو لڑائی ہو وہاں شک کی بنیاد پر لوگوں کا اٹھانا معمول بن جاتا ہے ۔یعنی فوجی آپریشن اور مسنگ پرسن کا براہ راست تعلق ہے۔
لیکن مجھے کسی اگر مگر کے بغیر یہ کہنے دیجئے کہ حالات خواہ کیسے ہی کیوں نہ ہوں ماورائے عدالت گمشدگی ناقابلُ قبول اور انتہائ سنگین جرم ہے ، مہذب دنیا میں اس کی کوئی گنجائش نہیں ۔ تماُم مسنگ پرسن ہیں کو عدالتوں میں پیش کیا جانا چاہئے ۔
لیکن ایک غلط کام دوسرے کے لئے جواز نہیں بن سکتا ، مسنگ پرسن سمیت کسی بھی ایشو کو بنیاد بناکر بی ایلُ اے جیسے تنظیموں کی دھشت گردانہ کاروائیوں کو جائز قرار نہیں دیا سکتا ۔
دھشت گردی کی ہر صورت قابل مذمت ہے خواہ اس کی وجہ کچھ بھی ہو۔بی ایلُ اے ایکُ دھشت گرد تنظیمُ ہے جس کی سرکوبی ریاست کا اولین فرض ہے ۔
واپس کریں