(انسانی جسم میں وٹامن ڈی تھری (Vitamin D3 کی اہمیت"
عصمت اللہ نیازی
وٹامن ڈی تھری کا نام آپ نے اکثر جگہوں پر سُنا ہو گا میڈیکل کی زبان میں اِسے "کولیکالسفرول" (Cholecalciferol) بھی کہا جاتا ہے، انسانی جسم کیلئے یہ ایک بہت اہم وٹامن ہے جو ہڈیوں، دانتوں اور خاص کر مدافعتی نظام کے لیے ضروری ہے۔ انسانی جسم کو روزانہ وٹامن ڈی 3 کی مناسب مقدار کی ضرورت ہوتی ہے۔
بچوں میں روزانہ کی مقدار 10 سے 20 مائیکرو گرام جبکہ بڑے افراد میں 20-25 مائیکرو گرام وٹامن ڈی 3 لینا بہت ضروری ہے خاص طور پر جب آپ پچاس سال سے زائد عمر میں بڑھاپے میں داخل ہو رہے ہوں کیونکہ اُس وقت آپکی ہڈیاں کمزور اور بُھربھری ہونا شروع ہو جاتی ہیں اور آپ نے اکثر دیکھا ہو گا کہ بزرگوں کی خاص کر کولھے کی ہڈی اچانک ٹوٹ جاتی ہے اور پھر وہ اسی فریکچر کی وجہ سے باقی کی ساری عمر چارپائی پر گزار دیتے ہیں لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ بزرگ گِرے ہیں جس کی وجہ سے کولھے کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا بلکہ وٹامن ڈی 3 کی کمی کی وجہ سے ان کی ہڈیاں بارش لگی کچی مٹی کی اینٹ کی طرح بُھربھری ہو جاتی ہیں اور پھر ایک روز اچانک چلتے ہوئے پہلے ٹوٹتی ہیں اور پھر انسان عدم توازن کی وجہ سے گِر جاتا ہے۔
اصل میں وٹامن ڈی 3 کا زیادہ کام یہ ہے کہ وہ کیلشیم اور فاسفورس جس سے ہڈیاں بنتی ہیں ان اہم اجزاء کو ہڈیوں کے اندر جذب ہونے میں مدد کرتا ہے میں مدد کرتا ہے۔ اگر آپ کے جسم کے اندر وٹامن ڈی 3 کی کمی ہو گی تو آپ کا جسم کیلشیم اور فاسفورس کو نکال کر باہر پھینک دیتا ہے آپ جتنا مرضی مالٹے اور کیلشیم کیلئے گولیاں استعمال کرتے رہیں ان کا کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوتا۔ دوسری اہم چیز یہ انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو بہتر بناتا ہے جس سے آپکا جسم مختلف قسم کے انفیکشنز اور دوسری بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔
تیسری ہم بات یہ ہے کہ اس کی موجودگی میں نہ صرف دل کی بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے بلکہ ذہنی صحت کی بہتری کیلئے ڈپریشن اور موڈ کی خرابی کو بہتر بنانے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔ وٹامن ڈی 3 کا سب سے بڑا ذریعہ دھوپ ہے جس میں ستر فیصد ننگے جسم کے ساتھ صبح 10 بجے سے 3 بجے کے دوران دھوپ میں 15 سے 30 منٹ تک لیٹنے سے جلد میں موجود کولیسٹرول دھوپ کی UV-B شعاعوں کے ذریعے وٹامن ڈی میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے آباؤاجداد میں ہڈیوں کی بیماریاں نہ ہونے کے برابر تھیں اور انکی ہڈیاں بہت مضبوط ہوتی تھیں کیونکہ وہ سارا دن قمیض اتار کر لنگوٹ کس کر کھیتوں میں دھوپ میں کام کرتے جس کی وجہ سے انجانے میں انکا وٹامن ڈی 3 پورا ہو جاتا۔ اب ہم دھوپ میں ننگے جسم لیٹنے میں شرم محسوس کرتے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے لوگوں میں اکثریت وٹامن ڈی 3 کی کمی کا شکار ہیں آپ کسی بھی وقت وٹامن ڈی 3 کا ٹیسٹ کرا لیں آپکو نتیجہ مثبت نہیں ملے گا لہٰذا آپ تمام سے گزارش ہے کہ اپنی صحت کا خیال رکھیں اپنی دھوپ سے مفت میں قدرتی وٹامن ڈی 3 حاصل کرنے کے ساتھ مچھلی، انڈے کی زردی، دودھ اور دہی کا استعمال کریں کیونکہ ان اشیاء میں بھی وٹامن ڈی 3 کافی مقدار میں موجود ہوتا ہے۔
واپس کریں