دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بلوچستان میں ڈیجیٹل روزگار کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس، اہم فیصلے
No image (خالد خان )کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنانے، جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور عالمی فری لانسنگ مارکیٹ میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان، فنانس سیکریٹری، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈائریکٹر ڈی جی بیز سمیت پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے وفد نے بھی شرکت کی۔ پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت سینیٹر شیخ بلال مندوخیل کر رہے تھے، جبکہ وفد میں سابق سیکریٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی، سید اقبال شاہ، نعیم بلوچ اور حیات خان اچکزئی شامل تھے۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈائریکٹر ڈی جی بیز نے بلوچستان میں ڈیجیٹل روزگار، فری لانسنگ سینٹرز، ڈیجیٹل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس، IT پارکس، انکیوبیشن سینٹرز اور اسٹارٹ اپ ہبز کے قیام پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خودمختار بنانے کے لیے ایک انقلابی اقدام ثابت ہوگا، جس سے صوبے میں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اس پروگرام کو بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی نوید قرار دیا اور اس کے فوری آغاز پر زور دیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ مایوس اور بےروزگار نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوگا اور انہیں عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں باعزت روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس منصوبے پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کیا جائے گا اور اسے جلد از جلد باضابطہ طور پر لانچ کیا جائے گا۔ یہ اقدام بلوچستان کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا اور صوبے کی مجموعی معاشی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
واپس کریں