دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
نظریات اور شخصیات میں غلو ۔محمد مدثر
No image بعض اوقات انسان کسی نظریے یا شخصیت میں اس قدر غلو کرتا ہے کہ اُسے اُس مقام تک پہنچا دیتا ہے جو اُس کا اصل مقام نہیں ہوتا، جیسے ہی کوئی شخص اس کا اصل مقام واضح کرنے کی کوشش کرے تو بندے کو لگتا ہے کہ ہمارے نظریے اور شخصیات کی اہمیت کم کی جا رہی ہے یا یوں لگتا ہے کہ انکار کیا جا رہا ہے۔عیسائیوں نے عیسیٰ علیہ السلام کی شخصیت میں اس قدر غلو کیا کہ انہیں خدا کا بیٹا بنا دیا، جب مسلمان عیسیٰ علیہ السلام کو اس جگہ سے ہٹا کر ان کے اصل مقام تک لاتے ہیں تو عیسائیوں کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ مسلمان عیسیٰ علیہ السلام کی اہمیت کم کر رہے ہیں۔ وہی خود سے ایجاد کردہ اہمیت جو کبھی عیسیٰ علیہ السلام کی تھی ہی نہیں۔

مسلمانوں میں ایک گروہ نے اولیاء کی شان میں اس قدر غلو کیا کہ ان کے ساتھ ایسی ایسی کرامات منسوب کر دیں جو شاید انبیاء کے ساتھ بھی کبھی نہیں ہوئی ہوں گی، ان اولیاء کو علم غیب کا جاننے والا قرار دیا گیا، سفارشی بنا کر منتیں مانگی گئیں۔ لیکن جیسے ہی ایک گروہ اٹھا اور یہ بتانا شروع کیا کہ اولیاء کا اصل مقام کیا ہے تو اس گروہ کو وہابی گستاخ، منکرین اولیاء جیسے القابات سے نوازا گیا۔ کیونکہ پہلے والے گروہ کو ایسا ہی لگا تھا کہ وہابی ہمارے اولیاء کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جی ہاں وہی منگھڑت اہمیت جو کبھی اولیاء کی تھی ہی نہیں۔

ایک گروہ نے اہلبیت کی شان میں اس قدر غلو کیا کہ انہیں معصوم عن الخطأ مان لیا، جیسے ہی دوسرے گروہ نے اہلبیت کا اصل مقام بیان کرنے کی کوشش کی تو انہیں ناصبی اور دشمن اہلبیت جیسے القابات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ پہلے والے گروہ کے نزدیک یہ لوگ اہلبیت کی اہمیت گھٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہی اپنی طرف سے گھڑی گئی اہمیت جو کبھی اہلبیت کی تھی ہی نہیں۔

ایک گروہ نے روایات میں اس قدر غلو کیا ایسے نظریات ایجاد کر لیے کہ روایات کے تحت قرآنی آیات بھی منسوخ ہو سکتی ہیں، قرآن کی ہزاروں آیات اپنے مطلب ومفہوم میں بلکل واضح ہوں لیکن روایت میں اس کے خلاف کچھ ہو تو روایت چھوڑنے کی بجاۓ قرآن میں تاویلات کی جائیں گی۔ پھر جیسے ہی کچھ لوگوں نے روایات کے متعلق یہ منگھڑت نظریات ماننے سے انکار کیا اور روایات کو اُن کے اصل مقام پر لانے کی کوشش کی تو ان کو منکرین حدیث جیسے القابات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ پہلے والے گروہ کو لگ رہا تھا کہ یہ لوگ روایات کی اہمیت گھٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جی ہاں وہی منگھڑت اہمیت جو کبھی روایات کی تھی ہی نہیں۔

واپس کریں