دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
ففتھ جنریشن وار: دشمن کا نیا ہتھیار ، نشانہ پاک فوج
خالد خان۔ کالم نگار
خالد خان۔ کالم نگار
ففتھ جنریشن وار ایک ایسی جنگ ہے جو روایتی ہتھیاروں سے نہیں بلکہ معلومات، ذہن سازی، سفارت کاری، میڈیا، پراکسیز، معیشت اور سوشل انجینئرنگ جیسے جدید ہتھیاروں سے لڑی جاتی ہے۔ اس جنگ میں دشمن براہِ راست ٹینک، طیارے یا میزائل استعمال نہیں کرتا، بلکہ انسانی ذہنوں کو اپنا میدانِ جنگ بناتا ہے۔ اس کا مقصد کسی قوم کے عوام کو ان کی ریاست اور افواج کے خلاف کھڑا کرنا ہوتا ہے تاکہ داخلی کمزوری پیدا کی جا سکے، اور یوں بغیر کسی بڑی عسکری مداخلت کے مطلوبہ مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔
بدقسمتی سے، پاکستان کو بھی اس ہائبرڈ جنگ کا سامنا ہے، جہاں خارجی دشمنوں نے داخلی ملک دشمن عناصر کے ساتھ مل کر پاک فوج کو نشانہ بنانے کے لیے ففتھ جنریشن وار شروع کر دی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد عوام میں افواجِ پاکستان کے خلاف شکوک و شبہات پیدا کرنا، بدگمانیاں پھیلانا، اور ایک ایسا بیانیہ ترتیب دینا ہے جس سے فوج کی حب الوطنی، قربانیوں اور کردار کو متنازع بنایا جا سکے۔ پاکستان کی اہمیت اور اس کی طاقت دشمنوں کی نظروں میں کھٹکتی ہے۔ ایک طرف پاکستان دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہے، تو دوسری طرف اس کے پاس دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہونے والی پاک فوج موجود ہے، جو نہ صرف بیرونی بلکہ اندرونی خطرات سے بھی بہادری سے نمٹتی آئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دشمن پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے روایتی جنگ کے بجائے ذہنی و نفسیاتی جنگ کے ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔
دشمن عناصر جعلی خبریں، جھوٹے بیانیے، اور گمراہ کن معلومات کے ذریعے عوام میں فوج کے خلاف نفرت پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر جھوٹے ٹرینڈز، جعلی اکاؤنٹس اور منظم نیٹ ورکس کے ذریعے عوام کو گمراہ کرتے ہیں، تاکہ فوج کو غیر ضروری تنازعات میں الجھا کر کمزور کیا جا سکے۔ معیشت کو کمزور کرنے کی کوشش کے ساتھ ساتھ عوام کو یہ باور کرانے کی حکمت عملی بھی اپنائی جاتی ہے کہ فوج ملکی وسائل پر قابض ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
پاک فوج نے ہمیشہ صرف سرحدوں کی حفاظت تک خود کو محدود نہیں رکھا، بلکہ ہر قومی بحران میں قوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک میں ہنگامی حالات اور آفات سے نمٹنے کے لیے علیحدہ ادارے اور ریسکیو ٹیمیں موجود ہوتی ہیں، لیکن پاکستان میں ہر مشکل وقت میں سب کی نظریں پاک فوج کی طرف اٹھتی ہیں۔ 2005 کے زلزلے میں فوج نے متاثرین کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ہر بڑے سیلاب میں فوج نے دن رات امدادی سرگرمیاں سرانجام دیں۔ گلگت بلتستان، بلوچستان اور دیگر دور دراز علاقوں میں فوج ہی وہ واحد ادارہ ہے جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سب سے پہلے پہنچتی ہے۔ خیبرپختونخوا اور قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں ہزاروں جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرکے شہر میں امن بحال کیا۔ بلوچستان میں ریاست مخالف عناصر کی سرگرمیوں کو محدود کیا۔
بلوچستان اور فاٹا میں تعلیمی اداروں اور سڑکوں کی تعمیر، سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی سیکیورٹی یقینی بنانا، انسدادِ دہشت گردی کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کی تربیت، سب ایسے اقدامات ہیں جو پاک فوج نے ملک کے استحکام کے لیے کیے ہیں۔ پاکستان دشمن قوتیں مسلسل کوشش کر رہی ہیں کہ پاک فوج اور عوام کے درمیان فاصلہ پیدا کیا جائے تاکہ ملک میں انتشار اور خلفشار پیدا ہو۔ ففتھ جنریشن وار کے ذریعے یہ عناصر چاہتے ہیں کہ پاکستان داخلی انتشار کا شکار ہو اور دشمن کو ایک کمزور ریاست پر آسان حملے کا موقع ملے۔ لیکن وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ پاکستانی عوام اپنی فوج سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ گزشتہ دو دہائیوں کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے پاک فوج نے ہمیشہ عوام کے دل جیتے ہیں، اور یہی فوج پاکستان کی سب سے بڑی قوت ہے۔
جعلی خبروں اور پراپیگنڈے کا شکار ہونے سے پہلے ہر پاکستانی کو یہ سوچنا ہوگا کہ کہیں وہ نادانستہ طور پر دشمن کے ایجنڈے کا حصہ تو نہیں بن رہا؟ کسی بھی خبر پر یقین کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضروری ہے۔ سوشل میڈیا پر ایسا کوئی مواد شیئر نہ کریں جو ملک یا فوج کے خلاف ہو۔ حب الوطنی کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی افواج کے خلاف دشمن کے پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں اور قومی اتحاد کو مضبوط کریں۔ فرقہ واریت، لسانیت اور دیگر تقسیم کرنے والے نظریات سے بچیں، کیونکہ دشمن ہمیں آپس میں لڑانا چاہتا ہے، ہمیں متحد رہنا ہوگا۔
پاکستان ایک عظیم ملک ہے، اور پاک فوج اس کی سب سے بڑی طاقت۔ دشمنوں کی تمام سازشوں کے باوجود فوج اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور رہے گا۔ ففتھ جنریشن وار کے ذریعے دشمن چاہے جتنی بھی کوشش کر لے، پاکستان کے محب وطن عوام اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ یہ ملک ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دے کر حاصل کیا تھا، اور آج بھی ہماری بہادر افواج اپنے خون سے اس کی حفاظت کر رہی ہیں۔ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے، اور ہر حال میں اپنی دھرتی اور اس کے محافظوں کا ساتھ دینا ہے!
واپس کریں