دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
درجن بھر ۔ اظہر سید
اظہر سید
اظہر سید
صرف درجن بھر عقلمندوں نے ریاست کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں ۔ میڈیا ،عدلیہ ،پارلیمنٹ سب بے وقعت ہو گئے ہیں ۔معیشت دیوالیہ ہو گئی ۔ عوام کا بڑا حصہ دیوالیہ ہو گیا ۔ پالتو ججوں کی وجہ سے نظام انصاف برباد ہو گیا ہے ۔ ففتھ جنریشن وار نے خود اپنے تخلیق کاروں کو بدنام کر دیا ۔ ریاست دنیا بھر میں بھکاری مشہور ہو گئی ۔ دوست ممالک باکستانی بھکاریوں سے اتنے عاجز آگئے باضابطہ سفارتی سطح پر احتجاج کرنے لگے ہیں۔
پیداواری لاگت اتنی زیادہ ہو گئی برآمدات میں اضافہ ممکن ہی نہیں رہا ۔
نوجوان مستقبل سے مایوس ہر کر بیرون ملک جانے لگے جن میں تربیت یافتہ ،غیر تربیت یافتہ اور اعلی تعلیم یافتہ سب شامل ہیں ۔
بے حسی کی انتہا یہ ہے برین ڈرین پر پریشان ہونے کی بجائے خوشیاں مناتے ہیں ترسیلات زر میں اضافہ ہو گا یعنی قومی سوچ اور ریاست چلانے والوں کی سوچ بھی بھکاری ہو گئی ہے کہ جتنے زیادہ لوگ باہر جائیں گے وہ اتنے زیادہ پیسے بھیجیں گے اور ہم کھائیں گے ۔
اندرونی اور بیرونی ادائیگیوں کا بوجھ اندرونی اور بیرونی آمدن سے بڑھ گیا ہے یعنی عالمی مالیاتی ادارے نادہندگی کی تلوار دکھا کر کوئی بھی شرط منوانے کی اہلیت حاصل کر گئے ہیں ۔
بھارت اور افغانستان کے متعلق پالیسی سو فیصد ناکام ہو گئی ہے ۔بھارتیوں نے مقبوضہ کشمیر کو بھارتی یونین کا حصہ بنا کر اور طالب علموں نے بے وفائی اور بے اعتنائی ظاہر کر کے ثابت کر دیا ہے بساط پر لگائے جانے والے سارے مہرے پٹ گئے ہیں۔
پاکستان کو اس حال پر پہنچانے کا عظیم کارنامہ جنہوں نے سرانجام دیا ہے وہ ہر پوچھ گچھ اور جواب طلبہ سے بے نیاز ہو کر ریٹائرمنٹ انجوائے کر رہے ہیں۔
نواز شریف پر پھر داؤ لگایا ہے لیکن نواز شریف کرے گا کیا اور کیسے کرے گا اس پر کوئی ادارہ جاتی یا قومی حکمت عملی موجود نہیں ۔کوئی متبادل منصوبہ بندی کا بھی نہیں پتہ جو نواز شریف کی ناکامی کی صورت میں اپنائی جا سکتی ہے ۔یہ بھی کسی کو نہیں پتہ نواز شریف کی ناکامی کی صورت میں کسی دوسرے تجربہ کا موقع ملے گا بھی یا نہیں ۔
واپس کریں