دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
نواز شریف اور مالکان ۔ اظہر سید
اظہر سید
اظہر سید
میاں نواز شریف نے معاشی بحالی کا بھاری پتھر اٹھانے پر آمادگی ظاہر نہیں کی بلکہ مالکوں کے معاشی کارگل کا بوجھ اٹھانے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی ۔نوسر باز کے ناکام تجربہ نے معیشت کا جو حال کر دیا ہے ہمیں خوف ہے نواز شریف تو کیا سامری جادو گر بھی کچھ نہیں کر پائے گا ۔مالکان کا خیال ہے ایٹمی صلاحیت کی وجہ سے بیرونی حملہ آوروں سے ریاست محفوظ ہے اور اندرونی حملہ آوروں کو طاقتور فوج اور مذہب کے ہتھیاروں سے شکست دی جائے گی ۔اب غلطیوں کے حساب کتاب کا وقت ہے اور میاں نواز شریف بھی وقت کے رفتار کو روک نہیں پائیں گے ۔
مالکوں کی حکمت عملیوں کی ناکامیوں پر چین آف کمانڈ کے تقدس کی وجہ سے کبھی پوچھ گچھ نہیں ہوتی ۔ طالب علموں کی پالیسی ناکام ہوئی ۔ پیپلز پارٹی کو محدود کرنے کیلئے ایم کیو ایم کا جو جن بوتل سے نکالا وہ کراچی کے ہزاروں لوگوں کو کھا گیا ۔
افغانستان کو تزویراتی گہرائی بنانے کی حکمت عملی بھی ناکام ہو گئی ہے اور اس کے نتایج دیوار پر لکھے نظر آرہے ہیں ۔
کشمیر پالیسی کا انجام مقبوضہ کشمیر کو بھارتی یونین کا حصہ بنانے پر نصف گھنٹے کے احتجاج سے پوری دنیا نے دیکھ لیا ۔جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی اور ایٹمی صلاحیت بلف ثابت ہوئی ۔
ففتھ جنریشن وار کا نتیجہ یہ نکلا ایک بدکردار اور نشئی جیسے ہیرو بنایا تھا وہ فوج کے تقدس اور احترام کو کھا گیا ۔
عدلیہ اور میڈیا کو پالتو بنانے کا نتیجہ یہ نکلا عوام کا ریاست پر اعتماد ہی ختم ہو گیا ۔
مذہب کو ریاست پر ملکیت برقرار رکھنے کیلئے استعمال کرنے کا نتیجہ اس قدر خوفناک ہے کسی کو کہیں پر بھی کافر کہہ کر مارا جا سکتا ہے اور خوف کی وجہ سے شنوائی بھی کہیں پر نہیں ۔
ایٹمی صلاحیت اور بڑی فوج کے جواز کیلئے ایک دشمن کی اشد ضرورت ہے لیکن بھارت ایسے دشمن نے مقبوضہ کشمیر ہڑپ کر کے یہ جواز ختم کر دیا ہے ۔
افغانستان کو دشمن بنانا سراسر گھاٹے کا سودا ہے ۔اندرونی دشمن بنانے اور ان سے قوم کو نجات دلانے کیلئے بھی وسائل کی ضرورت ہے اور وسائل موجود نہیں ۔
اس صورتحال میں میاں نواز شریف کس طرح معاشی استحکام حاصل کریں گے یہ ایک معمہ ہے سمجھنے کا نہ سمجھانے کا ۔
سب کچھ آئین اور قانون کے مطابق چلنے لگے تب بھی کم ازکم ملک کو دوبارہ پٹری پر چڑھانے کیلئے دس سے پندرہ سال درکار ہیں ۔
جس ریاست میں عدالتیں نو مئی کے حملوں کے باوجود نوسر باز کو مسلسل ریلیف فراہم کریں اس کے دو مطلب ہیں ۔ مالکوں کی بے بسی کا اندازہ بعض ججوں کو بھی ہو گیا ہے ۔ مالکوں میں بعض کردار اب بھی خاموشی سے معاونت کر رہے ہیں ۔ ایک تیسرا مطلب یہ بھی ہے جو انفراسٹرکچر مالکوں نے نوسر باز کو مسلط کرنے کیلئے بنایا تھا اس انفراسٹرکچر میں پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے درپے بعض عالمی کھلاڑی بھی جگہ بنا چکے ہیں اور وہی اسوقت طاقتور مالکوں کو میڈیا اور عدلیہ کے ڈبل ایجنٹوں کے زریعے چیلنج کر رہے ہیں ۔
میاں نواز شریف
کو نوسر باز ایسے کارگل کا بوجھ اٹھانے کیلئے آئندہ الیکشن میں کامیابی کے بعد حکومت سونپ دی جائے گی لیکن میاں نواز شریف بھی ناکام ہو گئے تو پلان بی پر عمل کرنے کی مہلت ملے گی یہ ایک ملین ڈالر سوال ہے ۔
معاشی بحالی کسی طرح ممکن نہیں ۔دو ماہ کریک ڈاؤن کر لیا ڈالر کی قیمت پھر بڑھنا شروع ہو گئی ہے ۔
معاشی استحکام کیلئے عوامی جمہوریہ چین اور بھارت دو مرکزی کردار ہیں لیکن بھارت کے ساتھ متعدد معاملات ریڈ لائین ہیں جن پر مالکان سمجھوتہ نہیں کریں گے کہ ممکن ہی نہیں ۔ سی پیک کے خلاف امریکی ارادوں کا ایک نتیجہ میاں نواز شریف کی حکومت ختم کر کے ریاست کو دیوالیہ کرنے کی صورت میں سب بھگت رہے ہیں اور دوبارہ ایسا ممکن ہے ۔ ویسے بھی چین ایسی سپر طاقت دوبارہ سرمایہ کاری کیلئے جو ضمانتیں مانگے گی متعدد معاملات مالکوں کیلئے ریڈ لائن ہونگے کہ پینٹاگون کے ساتھ جی ایچ کیو کے جو معاملات ہیں اس میں بہت سارے سخت مقام بھی آتے ہیں ۔
ہمیں خوف ہے اور خدشات ہیں نواز شریف پنجاب میں ووٹ بینک سے محروم ہو جائیں گے ۔ مسلم لیگ ن بہت بڑا جوا کھیلنے جا رہی ہے اور اس جوا میں پیشگی ضمانتوں کے بغیر صیح داؤ لگنا ممکن نظر نہیں آتا ۔
جو کچھ اس ملک کے ساتھ کیا گیا وہ سود سمیت واپس کرنے کا وقت بہت قریب ہے ۔ ہمیں نہیں لگتا موجودہ کھیل دو ڈھائی سال بھی نکال سکے ۔
واپس کریں