دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
طالبانو خوسے (طلبہ کا بچھڑا)
امام صافی
امام صافی
ایک بچھڑا سامری کا مشہور تھا، ایک طالبان کا مشہور ہے۔ طالبان بولے تو مدرسے کے طلبہ۔سامری کے بچھڑے کی کہانی تو سب جانتے ہوں گے،چلیے طالبان کے بچھڑے کے بارے میں جانتے ہیں۔مدرسے کے طلبہ کا ایک گروپ مویشی منڈی میں جانور خریدنے چلا گیا۔ ایک بچھڑا انھیں پسند آیا لیکن اس کی عمر بارے کچھ اختلاف ہوا۔ کسی نے کہا دو دانت والا ہے، کسی نے کہا چار دانت والا۔الغرض طے ہو کہ دانت چیک کیے جائیں۔بس پھر کیا تھا۔۔۔۔۔۔
سفید کپڑوں، سفید پگڑی اور ٹوپی میں ملبوس گروہ طلبہ نے بیچارے بچھڑے کو تختہء مشق ہی بنا لیا۔
طلبہ نے بچھڑے کو اٹھا کر باری باری اس کے دانت چیک کیے۔ کچھ دیر بحث ہوئی، اتفاق نہ ہو سکا تو پھر یہی عمل دہرایا گیا۔
چند ایک بار مزید یہ عمل دہرایا گیا تو بچھڑا بھی عادی ہو گیا۔ جیسے ہی طلبہ بحث کے بعد بچھڑے کی طرف بڑھتے، بچھڑا کھڑا ہوتا اور منہ کھول کر دانتوں کی نمائش کرنے لگتا۔
طلبہ میں کسی بات پر اتفاق نہ ہوسکا تو وہ آگے چلے گئے لیکن اتنی مشق کے بعد بچھڑا عادی ہوگیا تھا۔
اب جیسے ہی بچھڑے کو سفید کپڑوں اور پگڑی ٹوپی میں ملبوس کوئی بندہ آتا دکھائی دیتا، بچھڑا فورا" منہ کھول کر کھڑا ہو جاتا۔
۔
بس کچھ ایسا ہی حال پاکستانیوں کا ہے۔
حکمرانوں نے شب و روز ستر سال سے ایسے ایسے حیلوں سے رگڑا لگایا ہے کہ اب عادت ہوگئی ہے۔ اب رگڑا لگانے کا دکھ بھی نہیں ہوتا بلکہ رگڑا برداشت کرنے کے طریقے اور حیلے ڈھونڈے جاتے ہیں۔
کل ہی جب پٹرول کی قیمت بڑھنے کی خبر چلی تو پٹرول پمپ ٹوٹیفیکیشن کے اجراء سے پہلے ہی بند ہونے لگے تاکہ اگلے دن مہنگا پٹرول بیچ سکیں۔ بجائے اس کے کہ عوام ایسے ذخیرہ اندوز پمپوں کو آگ لگاتی، مہنگا ہونے سے قبل پٹرول خریدنے کی لیے ان پمپوں پر عوام کی قطاریں لگ گئیں جہاں ابھی پٹرول دینا بند نہیں کیا گیا تھا تاکہ 35 روپے فی لیٹر بچا سکیں۔
تبدیلی نہیں آئے گی جب تک عوام کی یہ روش تبدیل نہیں ہوتی۔
جب تک عوام تیرا چور میرا چور سے نکل کر مشترکہ چور پر متفق نہیں ہو جاتے۔
جب تک عوام زندہ باد مردہ باد کے نعروں سے نکل کر اپنے حق کے کیے آواز اٹھانا نہیں سیکھ جاتی۔
بہتری ہرگز نہیں آئے گی جب تک عوام اپنے سیاسی بتوں کی اندھی پیروکاری نہیں چھوڑ دیتی۔
جب تک عوام اپنی ذات کو ترجیح نہیں دیتی، عوام کی تشریف کھڑی رہے گی اور سیاستدانوں کے جوتے برستے رہیں گے۔
واپس کریں