پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار

جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی وابستگی اور افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار
مظفرآباد میں ایک شاندار یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا، جس میں پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کے ساتھ مکمل اتحاد و یگانگت کا بھرپور اظہار کیا گیا۔ ریلی میں نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد نے جوش و خروش سے شرکت کی، اور ان کے پرجوش نعروں سے مظفرآباد کا ماحول حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو گیا۔
ریلی کے شرکاء نے متفقہ طور پر بھارت کی جانب سے پہلگام واقعہ کی آڑ میں تحریکِ آزادی کشمیر اور پاکستان کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں واضح اور دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات کی، تو تو آزادکشمیر کےبزرگو نوجوان پاکستانی عوام اور اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
مقررین نے افواج پاکستان کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر اصولی اور دوٹوک موقف اختیار کرنے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کا واضح اور غیر متزلزل موقف کشمیریوں کے حوصلے کو مزید بلند کرے گا اور انہیں اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے لیے ایک نئی توانائی فراہم کرے گا۔
شرکاء ریلی نےاس عزم کا اظہار کیا کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنے لازوال رشتے کو کسی بھی صورت میں کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریکِ آزادی کشمیر درحقیقت پاکستان کی بقا کی جنگ ہے، اور کشمیری عوام اس مقدس مشن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان، اور افواج پاکستان زندہ باد کے پرجوش نعرے لگائے.
اس ریلی نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ کشمیری عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور اپنی آزادی کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
واپس کریں