دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آئی ایم ایف سے معاہدہ یا ہم بلیک میل ہوئے ہیں ۔احتشام الحق شامی
No image اسلام آباد کی ایک یونیورسٹی سے منسلک میرے ایک پروفیسر دوست نے عمران نیازی کے انقلاب کے ٹھس ہو جانے کی پیشن گوئی ان اچھے دنوں میں ہی کر دی تھی جب باجوہ،فیض اور خان ایک پیج پر براجمان تھے اور کوئی دس سالہ صدارتی عمرانی پلان ڈسکس ہوا کرتا تھا بلکل جیسے دو دن قبل ڈیڈ لائن کے آخری دن آئی ایم ایف سے پروگرام بحال ہونے کے بعد پاکستان کا روس اور چین کے بلاک میں جانے کا انقلابی منصوبہ اچانک ٹھس ہو گیا۔
چین کی جانب سے پاکستان کو واضع طور پر مکمل مالی و معاشی تعاون کی پیش کش کے باوجود پاکستان کا دوبارہ آئی ایم ایف کے سامنے کشکول لے کر کھڑے ہو جانے بلکہ لیٹ جانے کا سیدھا مطلب ہے کہ ہماری اشٹبلشمنٹ امریکہ کے اثر سے نکلنے کی صلاحیت اور ہمت نہیں رکھتی یا پھر عین ممکن ہے کہ اپنے ہی ملک کے سیاست دانوں کو بلیک میل کرنے کی غرض سے ویڈیوز بنانے والی لوکل اشٹبلشمنٹ کے کارندوں کی اپنی ویڈیوز امریکی سی آئی اے کے پاس موجود ہوں۔وگرنہ کیا وجہ ہے کہ قوم کے سامنے بار ہا یہ دعوے کہ ہم آئی ایم ایف کے بجائے چین سے مدد لیں گے اور یہ کہ ہمارے پاس پلان بی موجود ہے،کے باوجود اچانک آئی ایم ایف کے سامنے سرنڈر کر دیا گیا۔
قوم تیار رہے،چند ہی دنوں میں روزمرہ استعمال کی عام اشیاء کے نرخ دوگنے سے بھی زیادہ ہونے والے ہیں کیونکہ ایڑیاں رگڑ رگڑ کر جو سود ی قرضہ ملا ہے اسے تین گنا کر کے واپس کرنا ہے۔ اس ضمن میں مہنگائی مذید عروج پکڑے گی اور قرضوں کا”سود“ ادا کرنے کے لیئے ہمیشہ کی طرح چمڑی اشرافیہ کے بجائے پاکستان کے عام غیور عوام کی ہی ادھیڑی جائے گی۔مختصر کہ عالمی مالیاتی ادارے اور پاکستان کے درمیان 3 ارب ڈالر کا یہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے حالیہ معاہدے کے بعد عام پاکستانی کی زندگی مذید دو بھر ہونے والی ہے۔
کبھی آپ نے سنا ہے کہ پاکستانی اشٹبلشمنٹ کے کسی ایک بھی فرد نے ملازمت سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد اپنے ہمالیہ سے بھی بلند دوستی والے دوست ملک چین میں جا کر سکونت اختیار کی ہو یا اس فرد کی دولت(جائز یا ناجائز)چین کے کسی بینک میں جمع ہوئی ہو؟ یہ تلخ اور افسوس ناک حقیقت ہماری جذباتی قوم کیوں بھول بیٹھتی ہے کہ برطانوی سرکار کی شاگردی میں تیار شدہ پاکستانی اشٹبلشمنٹ آج بھی پوری طرح امریکہ کے زیرِ اثر ہے۔ امریکہ اور روس کی سرد جنگ یعنی کرائے کے جہادِ افغانستان میں بنایا گیا پیسہ،اسلحہ اور ہیروئن کی اسمگلنگ سے کمائی سے لے کر امریکہ اور دنیا کے دیگر ممالک میں عیاشیوں کا تمام تر ریکارڈ وقتاً فووقتاً لوکل اشٹبلشمنٹ کو بلیک میل کرنے کے کام آتا رہتا ہے اگر نہیں تو پھرآخر بار بار امریکہ کے آگے لیٹنے اور بلیک میل ہونے کی وجہ کیا ہے؟
واپس کریں