دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
نواز شریف پھر سیاسی میدان میں
No image سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سوا سال کی گوشہ نشینی کے بعد اب ایک بار پھر سیاسی میدان میں متحرک ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔وہ بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے لیے تیار ہیں اور عوامی رابطہ مہم کے لیے جلسے جلوسوں کا پروگرام بنا لیا ہے جس کا آغاز پنجاب سے ہوگا۔نواز شریف ملک کے سب سے زیادہ تجربہ کار اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں اور ان سے بہت سی امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں کہ وہ ملک کی ترقی و خوشحالی،امن وامان اور سیاسی کشیدگی ختم کرنے کے لیے دوبارہ اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔بلوچستان میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ایک وفد کے ہمراہ ان سے جاتی امرا میں ملاقات کی اور انہیں بلوچستان کی پیچیدہ صورت حال،سیاسی ومعاشی عدم استحکام اور دیگر اہم قومی و سیاسی نوعیت کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے کردار ادا کرنے کے لیے گزارشات کیں۔نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ بلوچستان میں امن کی خاطر اپنا سیاسی اور جمہوری کردار ادا کریں گے۔بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور اس کا حل سیاسی طور پر ہی ممکن ہے۔بدقسمتی سے جمہوریت میں تعطل آیا جس کی وجہ سے صورتحال یہاں تک پہنچی۔میاں نوازشریف اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان کے معاملات کو لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے اس کے فوری حل پراتفاق کیا۔نواز شریف کی جانب سے صوبے کی صورت حال میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی پر بلوچ رہنما نے ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں صوبے کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔واضح رہے کہ جب نواز شریف وزیراعظم اور ڈاکٹر عبدالمالک وزیر اعلی بلوچستان تھے تو صوبہ شاہراہ ترقی پر گامزن ہوا تھا۔ڈاکٹر عبدالمالک پر امید ہیں کہ نواز شریف 2013کی طرح اس بار بھی بلوچستان کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
واپس کریں