دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
لسبیلہ حادثہ پر منفی سوشل میڈیا مہم، 178 اکاؤنٹس کا تعلق پی ٹی آئی سے نکلا۔ اہم انکشافات
No image لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پرمنفی پروپیگنڈے کی انکوائری رپورٹ میں اہم انکشافات ہوئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ اور ان کے سرغنہ کا سراغ لگا لیا گیا اور 178 اکاؤنٹس کا تعلق پی ٹی آئی سے نکلا ہے، سب سے زیادہ مہم ان اکاؤنٹس کی ہے۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ کُل 580 اکاؤنٹس کے ذریعے 2 ہزار 350 پوسٹس کی گئیں۔

رپوٹس میں بتایا گیا ہے کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا مہم میں 18 بھارتی اکاؤنٹس بھی شامل ہوگئے تھے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہدا اور پاک فوج کے خلاف مہم چلانے والوں پر مقدمے درج کیے جائیں اور یہ مقدمے پیکا اور تعزیرات پاکستان کے تحت درج کیے جائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملوث افراد سے تفتیش کے بعد ان کے ہینڈلرز اور ماسٹر مائنڈز تک پہنچا جائے۔

یاد رہےکہ گزشتہ دنوں لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا، کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد ہیلی کاپٹرکا ملبہ موسیٰ گوٹھ سے ملا تھا۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان نے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا جس کے باعث ہیلی کاپٹر میں سوار کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔

ہیلی کاپٹر حادثےکے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منفی مہم چلائی گئی تھی جس کی پاک فوج نے شدید مذمت کی تھی جبکہ حکومت نے منفی سوشل میڈیا مہم کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا اور ایف آئی اے اور آئی ایس آئی کے افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی جو واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
واپس کریں