دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
چند سوالوں کے ممکنہ جوابات اور اسٹبلشمنٹ کی عمران خان کو تجویز اور تجزیہ
No image نجم سیٹھی:”ہم آپ کو نکال کر پی ڈی ایم کو گلے نہیں لگانا چاہتے تھے۔ لیکن آپ نے ہمارے لیے کوئی راستہ ہی نہیں چھوڑا تھا۔ آپ معیشت کو دیوالیہ ہونے کے دہانے تک لے آئے، ہمارے غیر ملکی دوستوں اور خیرخواہوں کو ناراض اور ہم سے دور کر دیا، خاص طور پر امریکا، یورپی یونین، چین اور سعودی عرب کو۔ آپ نے انڈیا کے ساتھ ہمارے تعلقات“ معمول ”کے مطابق اور سرحدوں کو محفوظ بنانے میں مدد کرنے سے انکار کیا۔ صرف یہی نہیں، آپ نے ہمارے داخلی معاملات میں مداخلت شروع کردی۔ جب ہم نے اس پر مزاحمت کی، آپ نے ہم پر“ برائی ”کا الزام لگایا اور ہماری صفوں میں بے چینی اور انتشار پھیلانے کی کوشش کی۔ اقتدار سے ہٹنے پر سبق سیکھنے کی بجائے آپ اپنے تباہ کن بیانیے پر اڑے رہے اور ریاستی ڈھانچے اور معیشت کو مجروح کر کے رکھ دیا۔ اس نے ہمیں قدم پیچھے ہٹا کر آگے بڑھنے کی پالیسی کا جائزہ لینے پر مجبور کر دیا، خاص طور پر جس کا تعلق اس کردار سے ہے اور جس پر ہمیں سوچنا پڑا کہ آپ کو یہ کردار ادا کرنے کی اجازت دی جائے یا نہ دی جائے۔ اب ہم اندھا دھند آپ کا ساتھ دے کر عوام کی نظروں میں اپنی ساکھ مزید نہیں کھونا چاہتے۔ لیکن آپ کے ہاتھ سے عوامی مقبولیت چھیننے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں۔”قومی مفاد میں ہم سیاسی عدم استحکام برپا کر کے معیشت کو پٹری سے نہیں اتارنے دیں گے۔ پی ڈی ایم تعاون کر رہی ہے۔ اس نے اپنے پارٹی مفاد کے خلاف سخت معاشی فیصلے کیے ہیں جو ملک کے حق میں بہتر ہیں۔ ایسا کرتے ہوئے اس نے خود کو ہماری نظروں میں سرخ رو کر لیا ہے۔

ہم نے طے کیا ہے کہ کم از کم اگلے سال تک آئی ایم ایف پروگرام کو عام انتخابات کے ذریعے پٹری سے اتارنے یا اس میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر آپ اس عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو آپ کو قانون کے بھرپور غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اسی لیے ہم نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تحریک انصاف کے ممنوع فنڈنگ کیس سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کرنے کے لیے گرین لائٹ دی ہے۔ جیسا کہ آپ بخوبی جانتے ہیں کہ آپ نے مختلف جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ اور یہ جرائم اس سے کہیں زیادہ سنگین ہیں جو محض بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کی پاداش میں نواز شریف کی نا اہلی کا باعث بنا۔ تو اگر آپ نے نوشتہ دیوار نہ پڑھا اور اس کے مطابق اپنی ترجیحات طے نہ کیں تو آپ کو فی الفور سیاسی میدان سے نکال باہر کیا جائے گا۔

”ہم اگلے سال آزادانہ اور منصفانہ انتخابات چاہیں گے۔ ہم اپنے تباہ کن ہائبرڈ تجربے کا کفارہ تمام کھلاڑیوں کے لیے برابری کا میدان بنا کر ادا کرنا چاہتے ہیں۔ اس کا مطلب نواز شریف کو پاکستان واپس آنے اور اپنی پارٹی کی قیادت کرنے کی اجازت دینا ہے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ آپ کو مقابلہ کرنے کی پوری آزادی دی جائے۔ بدقسمتی سے یہ اس وقت تک نہیں ہو سکتا جب تک کہ کینگرو عدالت کی سزا کی وجہ سے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نواز شریف نا اہل ہیں (تسلیم کہ اندازوں کی غلطی کی وجہ سے جس پر ہم خود اثر انداز ہوئے تھے ) اور اسی خطرے کی تلوار آپ کے سر پر بھی لٹک رہی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تحریک انصاف اور پی ڈی ایم کو ہماری طویل مدتی ادارہ جاتی طاقت اور مفادات کو چیلنج کیے بغیر ان خطرات کو ختم کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملانا چاہیے۔ یا ہم اس مقصد کو حاصل کرنے کے دوسرے طریقے تلاش کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

”اس ’منصفانہ بندوبست‘ کو تسلیم کر لینے کے اشارے کے طور پر اب آپ“ حکومت کی تبدیلی ”کا بیانیہ تبدیل کریں اور ہمارے بیرونی دوستوں اور اتحادیوں کی طرف ہاتھ بڑھائیں اور ان خدشات کا تدارک کریں جو آپ کی موقع پرستی یا حماقت یا دونوں کی وجہ سے لاحق ہو گئے تھے تاکہ ایک بار پھر تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کی راہ میں حائل سرخ لکیر مٹائی جا سکے۔

”اگر آپ نے مزاحمت کی یا مزید مسائل پیدا کرنے کی کوشش تو پھر آپ خود کو نا اہل سمجھیں۔ اس کے بعد آپ کا مقدر جیل اور سزا ہو گا۔ خیر یہ بھی میدان ہموار کرنے کا ایک اور طریقہ ہے۔ لیکن امید ہے کہ آپ دانائی کا مظاہر کرتے ہوئے ہماری بات سمجھیں گے اور اس کی نوبت نہیں آنے دیں گے۔ شہباز گل پر ہمارا ردعمل تو صرف آپ کے لیے وارننگ ہے۔ ہم بہت آسانی سے اسے انجام تک پہنچا سکتے ہیں۔ اس کا دار و مدار اس بات پر ہے کہ آپ اور آپ کی جماعت اس سے کیا سبق سیکھتی ہے۔ ہم نے پنجاب آپ کے ہاتھوں میں ہی رہنے دیا ہے تاکہ آپ کو بہت کمی محسوس نہ ہو۔ لیکن اگر آپ نے اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کی تو یہ سب کچھ پلک جھپکتے میں بدل بھی سکتا ہے۔

”ایک آخری بات۔ نومبر آنے والا ہے۔ ہمارے ادارے کے ردعمل میں کوئی عدم تسلسل یا تبدیلی نہیں ہوگی۔ کسی غلط فہمی کا شکار ہو کر کوئی تنازع کھڑا کرنے اور ہمارے خلاف جانے کی کوشش نہ کر بیٹھنا۔ یہ دیکھ کر آپ کو ہر طرف ہرا ہی ہرا نہ سوجھنے لگ جائے کہ ہم نے آپ کے پسندیدہ جنرل کی کمان کے دورانیے میں کوئی تخفیف نہیں کی۔ ہمارے ترکش میں ابھی بہت سے تیر باقی ہیں۔ اور یہ بات ہم نے پی ڈی ایم کو بھی سمجھا دی ہے۔
”پاکستان زندہ باد!“
واپس کریں