کشمیرسنٹرلاہور کی تعمیر کے معاملات کو یکسو کررہے ہیں‘ وجاہت رشید بیگ

لاہور(نامہ نگار)سیکریٹری جمو ں وکشمیر لبریشن سیل مرزا وجاہت رشید بیگ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا رشتہ، نظریے اور عقیدے کا ہے۔ زندہ دلان لاہور نے تحریک آزادی میں مصروف عمل کشمیریوں کے ہمیشہ پشتیبان رہے۔ لاہور جیسے بڑے شہر میں کشمیرکاز کو اجاگر کرنے میں کشمیرسنٹرلاہور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اہم کردار ادا کررہاہے۔ سنٹرکو مزید فعال بنانے کی حکمت عملی طے کرلی۔سنٹرکی نئی عمارت کی تعمیر کے معاملات کو یکسو کررہے ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شاندار عمارت تعمیر کریں گے۔
کشمیری کمیونٹی کے لیے فلاحی وسماجی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے بھی جگہ مختص کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے ایم ایل اے غلام محی الدین دیوان اور سابق وزیرحکومت ناصرحسین ڈار سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر انچارج کشمیرسنٹرلاہور انعام الحسن، اے ڈی فرحان قیوم عباسی اور اسسٹنٹ ندیم سرور بھی موجود تھے۔ غلام محی الدین دیوان اور ناصرحسین ڈار نے کہا کہ جموں وکشمیر لبریشن سیل کشمیرکاز کو اجاگرکرنے میں کلیدی کردار ادا کررہاہے۔ سنٹرکی عمارت کی تعمیر کے لیے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائیں گے اور اس مقصد کے لیے کشمیری کمیونٹی کو بھی متحر ک کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ لاہور میں مقیم کشمیری کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ کشمیرسنٹرکی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیے۔ اسی طرح ہم تحریک آزادی کشمیر میں اپنے حصے کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ مرزا وجاہت رشید بیگ نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق اور چیف سیکرٹری آزادکشمیر خوشحال خان کی سرپرستی اور رہنمائی میں جموں وکشمیرلبریشن سیل کشمیرکاز کواجاگرکرنے اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے لانے میں شب وروز مصروف عمل ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کی تاریخ اور تحریک آزادی کشمیر کی موجودہ صورت حال کومزید اجاگرکرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔
پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کے تعلق اور رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پر نیز تعلیمی ادارہ جات خاص طور کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء وطالبات کو بتایا جائے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور یہ کہ وطن عزیز پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے ریاست جموں وکشمیر کی آزادی اور پورے خطے کا پاکستان کے ساتھ الحاق انتہائی اہم ہے۔ اس مقصد کے لیے لاہور کے تعلیمی اداروں میں آگہی مہم شروع کررہے ہیں جس کے یقینا نہایت مفید نتائج مرتب ہوں گے اور بھارتی پراپیگنڈہ اور جھوٹے بیانیہ کا توڑ ممکن ہوگا۔ انھو ں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھارتی ادارے پاکستان کے خلاف اکاؤنٹس ہینڈل کررہے ہیں۔ یہ ادارے پاکستانیوں اور کشمیریوں کے مابین خلیج حائل کررہے ہیں۔ ہمیں ہرگز اس کا شکار نہیں ہونا۔ کشمیریوں کے لیے پہلی اور آخری منزل پاکستان ہی ہے۔ اور وہ آج بھی پاکستان کی تکمیل کے لیے قربانیاں پیش کررہے ہیں۔
سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل نے کہا کہ اس سلسلہ میں یونیورسٹیز کے طلبا و طالبات، ڈیجیٹیل، سوشل، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سمیت دیگر تمام ذرائع ابلاغ کے ذریعے مسئلہ کشمیر کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کریں اور بھارت حکومت اور افواج کی طر ف سے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کریں اور کشمیریوں کے موقف کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔مرزاوجاہت رشید بیگ نے لاہور میں مقیم کشمیری کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ کشمیرسنٹرلاہور کے دست وبازو بنیں اور کشمیرکاز کو اجاگرکرنے والوں پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری کمیونٹی کے سرکردہ افراد آگے آئیں اور کشمیرسنٹرکی عمارت کے فلاحی و سماجی منصوبے کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ دریں اثناء انچارج انعام الحسن نے سیکرٹری جموں وکشمیرلبریشن سیل وجاہت رشید بیگ کوکشمیرسنٹرلاہور کی سرگرمیوں اور پلاٹ کے معاملات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
واپس کریں