دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
عمران خان نے افواج پاکستان اور اداروں میں بغاوت پیدا کرنے کی کوشش کی۔
No image وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے یہ ان کے اکسانے اور حکم دینے پر سوشل میڈیا پر سانحہ لسبیلہ کے شہیدوں کے خلاف مہم چلائی گئی اور جب وہ پکڑے گئے تو انہوں نے اعتراف کیا کہ پارٹی کے کہنے پر مہم چلائی گئی۔عمران خان نے افواج پاکستان اور اداروں میں بغاوت پیدا کرنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی کے ٹرولرز اور بشری بی بی کے بیٹے ارسلان نے شہدا اور ان کی فیملیز کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی،.

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کوئی پاکستانی سوچ بھی نہیں سکتا کہ فوج کے بارے میں اور ان بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ شہریوں کی مدد کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہدا کے بارے میں سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کی جائے۔ انہوں نے اپنی جماعت کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر کروایا، آج ان کی جماعت سے آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ فارن فنڈنگ کہاں گئی، جو نفرت کے بیج عمران خان نے بوئے، آج اسے کاٹ رہے ہیں، عمران خان کی پوری سیاست نفرت، فتنہ، فساد، انتشار اور غنڈہ گردی پر مبنی ہے، عمران خان نے 2013 سے 2022 تک آنے والے پیسے کا حساب ابھی دینا ہے۔

مریم اورنگزیب نے عمران خان سے کہا کہ افواج پاکستان کے خلاف لڑائی اۤپ نے لڑی ہے اور اۤپ خود کا موازنہ نواز شریف سے کرتے ہیں جو 3 بار منتخب وزیر اعظم بنے اور تینوں بار ان کو نکالا گیا، مگر کارگل سے لے کر تمام راز ملک کی خاطر سینے میں دفن کیے اور جب ان کو نکالا گیا تھا تو انہوں نے صرف یہ کہا کہ اۤئینی ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں جن کا اۤج بھی یہی مؤقف ہے مگر اۤپ کہتے ہیں کہ ادارہ سیاست میں مداخلت کرے اور وہ اۤپ کی کرسی نہ بچائے تو وہ جانور ہے۔
عمران خان کے چیف آف سٹاف اور ترجمان نے ان کا لکھا ہوا سکرپٹ اے آر وائے ٹی وی چینل پر پڑھا، اے آر وائے نے تمام صحافتی تقاضوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اسے آن ایئر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا ہے کہ کس جمہوریت میں حساب لیا جاتا ہے تو اب یہ بھی بتائیں کہ میڈیا پر پابندیاں، صحافیوں کو گولی مارنا، ٹاک شوز بند کروانا، سیاسی مخالفین کی گاڑیوں سے 15 کلو ہیروئن براۤمد کرو کس جمہوریت میں ہوتا ہے، ایسا کس جمہوریت میں ہوتا ہے کہ ملکی سالمیت اور دفاعی اداروں کے درمیاں تقسیم پیدا کرو اور بغاوت پیدا کرو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف نے اس ملک کو ایٹمی قوت دی اور جو اس نے ترقی دی وہ تم اپنی زندگی میں بھی نہیں دے سکتے، نواز شریف نے اپنے شہدا کے لیے جو بیانات دیے ہیں وہ ریکارڈ کا حصہ ہیں، نواز شریف نے اس ملک کا دفاع، سالمیت اور بقا کے لیے جو کیا ہے اس حوالے سے پاکستان کا ذرہ ذرہ گواہی دے رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 4 سال تک ہم نے عمران خان کے الزام اور جھوٹ برداشت کیے اور جب ہم حکومت میں اۤئے تو پھر بھی ان کی اۤواز نہیں دبائی حالانکہ گھنٹوں تک جھوٹ بولتے رہتے ہیں مگر اب زیرو ٹالرنس ہے اب جو بھی اداروں کے خلاف بولے گا اس عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ شخص اپنے دوستوں کے جنازوں میں بھی شریک نہیں ہوتا، ان کو استعمال کرنے کے بعد فارغ کر دیتا ہے، سعودی عرب میں نوجوانوں کو اکسایا اب ان کو دس دس سال سزا ہوگئی ہے اور ایک بیان تک نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چیف آف اسٹاف نے عمران خان کی ہدایت پر جو بیان دیا، اس حوالے سے تمام ثبوت عوام کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔

انہوں نےکہاکہ نواز شریف اور مریم نواز شہدا کی تصاویر لگا کر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے رہے ہیں جبکہ عمران خان جب اقتدار کی کرسی سے محروم ہوئے تو انہوں نے شہدا کے خلاف مہم چلوائی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اپنی شکل دیکھو جو نواز شریف سے موازنہ کرنے چلے ہو، جب تم گالیاں دیتے تھے تو نواز شریف بجلی کے منصوبے لگاتا تھا اور اس ملک کو طاقت ور معیشت دی، نواز شریف نے اپنی کرسی اور اقتدار قربان کیا مگر اۤئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب عمران خان کے تماشے نہیں چل سکتے اور نہ ہی کوئی اس ملک دشمنی کی اجازت دے گا، جو پارٹی سربراہ بیرونی ایجنٹ ہو، جس کی جماعت فارنڈ ایڈڈ ہو، جو شخص جھوٹا ہو، جھوٹے حلف نامے جمع کروائے ہوں وہ قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتا۔
واپس کریں