دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو گرفتار کر لیا گیا
No image پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شہباز گل کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا۔شہباز گل کی گرفتاری کے بعد ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ فاشسٹ امپورٹڈ رجیم مخالفین کو دبانے کی کوشش میں فاشزم کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ حسینی ہیں اور ڈٹ کر حق کے ساتھ کھڑے ہیں، مر جائیں گے مگر یزید وقت کی بیعت نہیں کریں گے۔شہباز گل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مزید کہا گیا کہ صرف دبانے اور جھکانے کے لئے یہ سب کیا جا رہا ہے لیکن انہیں ناکامی ہو گی۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عمران خان نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ شہباز گل کو گرفتار نہیں اغوا کیا گیا۔عمران خان نے لکھا کہ کیا ایسی شرمناک حرکتیں کسی جمہوریت میں ہو سکتی ہیں؟ سیاسی کارکنوں کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا گیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے لکھا کہ یہ سب کچھ اس لیے کیا جا رہا ہے کہ ہم اس حکومت کو قبول کر لیں۔

سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے تصدیق کی ہے کہ شہباز گل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں مراد سعید نے مزید کہا کہ کس کس کو گرفتار کریں گے؟ کتنے صحافیوں پر پابندی لگائیں گے؟ شہباز گل کی گاڑی کے شیشے بھی توڑے گئے، کل رات ایک خوفناک منصوبہ تھا لیکن عمران خان کے جاں نثاروں نے واضح پیغام دیا کہ عمران خان ریڈ لائن ہے۔

مراد سعید نے بتایا کہ شہباز گل کی گاڑی کے شیشے بھی توڑے گئے ہیں جبکہ فواد چوہدری نے اس حوالے سے بتایا کہ شہباز گل کو بنی گالہ چوک سے بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں میں آئے لوگوں نے اغوا کیا جبکہ سماجی رابطے کی ویٹ سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز گل کو بنی گالہ چوک سے بغیر لائسنس نمبر پلیٹ والی گاڑیوں میں سوار لوگوں نے اٹھایا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ شہباز گل کو اسلام آباد کے بنی گالہ چوک سے ‘اغوا’ کیا گیا۔

سابق وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ شہباز گِل کا مبینہ اغوا اور اے آر وائی کی نشریات کی بندش امریکی حکومت کی تبدیلی کی سازش اور اس کے سہولت کاروں کے بڑے منصوبے کا حصہ ہے۔  
پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان بھی واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ یہ اقدام ثابت کرتا ہے کہ حکومت کس قدر خوفزدہ ہے۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں بابر اعوان نے کہا کہ اغوا کے انداز میں شہباز گل کی گرفتاری انتہائی قابلِ مذمت ہے، اِس بات کا ثبوت بھی کہ لوگوں کو ڈرانے والے خود کس قدر خوف زدہ ہیں۔

دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بھی شہباز گل کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے سیاست میں مزید بے امنی پھیلے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی شہباز گل کو حراست میں لیا گیاتھا تاہم ایک روز بعد انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔شہباز گل گرفتاری کے بعد ٹیوٹر پر ٹاپ ٹرینڈ پر ہیں۔
واپس کریں