دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مریم نواز کی ایک سالہ حکومتی کارکردگی پر مشتمل کتاب
No image صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی وزیر اعلیٰ نے ایک سال کے دوران ایسے انقلابی اقدامات نہیں کئے جیسے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کئے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینئر صحافیوں، کالم نگاروں، اینکرز اور ایڈیٹرز کو حکومتی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ عظمی بخاری نے مریم نواز کی ایک سال کی کارکردگی پرمختلف محکموں کے اعداد و شمار پر مبنی ایک کتاب بھی پیش کی۔ عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب کے علاوہ کسی دوسرے صوبے کے وزیر اعلیٰ نے اپنی کارکردگی کا عوام کے سامنے ایسے اظہار نہیں کیا ہے کیونکہ کسی صوبے کے وزیر اعلیٰ کی ایسی کارکردگی نہیں ہے جسے وہ عوام کے سامنے پیش کر سکے۔ پراجیکٹس میں سے اکثر مکمل ہوچکے ہیں جبکہ بعض تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ دھی رانی پراجیکٹ سے متوسط و مستحق طبقے کی بچیوں کو عزت کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک کیا جارہا ہے۔ صحت، تعلیم، امن وامان، انفراسٹرکچر، آئی ٹی، ٹرانسپورٹ ، زراعت سمیت تمام شعبوں میں مثالی اقدامات ہورہے ہیں۔ نوجوانوں کو قرض مل رہا ہے۔ طلبا و طالبات کو ای بائیکس اور سکالر شپس مل رہی ہیں۔ مریضوں کو مفت ادویات اور ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات جبکہ نئے ہسپتالوں کی تعمیر کے علاوہ سات سو نئی سڑکوں کا جال بچھا کر پنجاب کو ترقی کے نئے دور میں داخل کردیا ہے۔ کسانوں کو قرضہ جات کے علاوہ دیگر سہولیات دی جارہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ایک سالہ کارکردگی یقیناً قابل ستائش ہے جس میں انہوں نے انتقامی سیاست کے بجائے حقیقی معنوں میں عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اٹھائے ہیں جس سے عوام نہ صرف مطمئن ہیں بلکہ ان منصوبوں سے مستفید بھی ہو رہے ہیں۔ یہی وہ عوامی خدمت کا جذبہ ہے جسے عملی قالب میں ڈھال کر ہر سیاست دان نہ صرف عوام کے دل جیت سکتا ہے بلکہ اپنے اگلے اقتدار کی راہ بھی ہموار کر سکتا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ بطور خاتون وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک قابلِ قدر مثال بن چکی ہے اس لئے ملک کے دوسرے صوبوں کی حکومتوں کو بھی حکومت پنجاب کی تقلید کرتے ہوئے قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
واپس کریں