فاشسٹ مودی حکومت نہتے کشمیری عوام پر انسانیت سوز مظالم ڈھانے کا سلسلہ بند کرے

لاہور(بیورو رپورٹ)جموں و کشمیر لبریشن سیل کشمیر سنٹر لاہور اور ہیومین رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر دستخطی مہم کا انعقاد کیا گیا۔مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت، اس موقع پر کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام ریلی بھی نکالی گئی۔ریلی سے سابق وزیر حکومت آزاد کشمیرناصر ڈار، سابق ایم این اے کرن ڈار، صدر ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان سید عاصم ظفر، سیکرٹری جنرل ایم شکوری، صدر شعبہ خواتین ن لیگ زرقا جاوید، صدر وکلا محاذسردار زاہد اسلم خان، منظور گیلانی ایڈووکیٹ، رہنما پیپلزپارٹی غلام عباس میر،لیگی رہنما راجہ شہزاد، بلال بٹ، فاروق آزاد، مرزا عبدالرشید ایڈووکیٹ،تنویرعباس تابش، بیرسٹری اشتیاق چوہدری، سابق پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹرفرزانہ نذیر، راجہ جبار ایڈووکیٹ، بتول ایڈووکیٹ، ڈاکٹر امجد، علامہ مشتاق احمد قادری، زرقا نسیم، سائرہ بانو و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے۔ پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کے بچے بچے نے یکجہتی کشمیر ریلیوں،جلسے جلوسوں میں بھرپورشرکت کرکے دنیا کو بتادیاہے کہ کشمیری عوام اور پاکستانی قوم یک جان دو قالب ہیں۔
پوری پاکستانی قوم باہرنکل کر اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرکے دنیا کی آنکھیں کھول رہی ہے اور انھیں باور کروارہی ہے کہ بھارت کشمیری عوام پر ظلم کرتاہے لیکن اس کا درد پاکستانی عوام محسو س کرتے ہیں۔ ہم کبھی بھی کشمیر سے دست بردار نہیں ہونگے۔ فاشسٹ مودی حکومت نہتے کشمیری عوام پر انسانیت سوز مظالم ڈھانے کا سلسلہ بند کرے۔ عالمی برادری بھارت کو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے روکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں کہ جو مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کررہی ہے۔
آج نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے ہر کونے میں بسنے والا پاکستانی اپنے کشمیری بھائی کے ساتھ آج کے دن اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کررہاہے۔بھارت کا مقابلہ بھارت کی بربادی نوشتہ دیوار بن چکی۔ یوم یکجہتی کشمیر سے کنٹرول لائن کے پار کشمیری عوام کو یہ پیغام جاتاہے کہ ہم ان کی جدوجہد آزادی کی نہ صرف اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ ہم عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے یہ مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دینے کے لیے استصواب رائے کے انعقاد کے سلسلے میں بھارت کو مجبور کرے۔
پانچ اگست کے اقدام کے بعد بھارت ریاست پر اپنا قبضہ مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کررہاہے۔ ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے باور کرواتے ہیں کہ بھارت کشمیر پر اپنا قبضہ مستحکم کرتے کرتے ایک دن خود ٹکڑوں میں بٹ جائے گا۔ فاشسٹ مودی شائننگ بھارت کو ڈارک بھارت میں تبدیل کررہا ہے۔
واپس کریں