کرکٹ ٹیم ،نئے ٹیلنٹ کی تلاش، ٹرائلز کاآغاز 13اگست سے مظفرآباد سے کیا جائے گا
راولاکوٹ رپورٹ آصف اشرف ۔کشمیر کے قدرتی حسن، ثقافت اور سیاحت کو اجاگر کرنے کے لیے آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع کے نام پر پانچ ٹیمیوں کے علاوہ پہلی مرتبہ شمالی کشمیر گلگت بلتستان کی ٹیم کو قومی سطع پر کھیلنے کا موقع ملے گا۔اس لیگ میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی جلوہ گر ہونگے۔
پاکستان اور آزاد کشمیر سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں ٹرائلز کاآغاز 13اگست سے مظفرآباد سے کیا جائے گا۔لیگ فار پیس کے منفرد نام سے منعقدہ اس لیگ میں پاکستان اور آزاد کشمیر میں 19سنسنی خیز میچز کھیلے جائیں گئے۔پہلی مرتبہ قومی سطع پر آزاد کشمیر اور شمالی کشمیر گلگت بلتستان سے ہر ٹیم میں چھ کشمیری کھلاڑیوں کے علاوہ 6پروفیشنلز بھی شامل کیے جائیں گئے۔
لیگ کا آفیشل سانگ مشہور کشمیری گلوکارہ بانو رحمت گائیں گی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ چھ سال سے ایک منفرد لیگ کا عزم لیے پاکستان اور آزاد کشمیر میں کھیلوں کے شعبے کی سرپرستی کرنے والے مسعود احمد خان اور انکی ٹیم کی جانب سے لیگ فار پیس کے نام سے کرکٹ کی دنیا کے بڑے میلے کشمیر سپریم لیگ کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔اس لیگ میں کل چھ ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی جس میں پاکستان کے قومی کھلاڑیوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 6کھلاڑی ہر ٹیم کا حصہ ہونگے۔
جبکہ کشمیر سے ہی اسسٹنٹ کوچ، اسسٹنٹ مینجر،کوارڈنیٹر،میڈیا کوارڈینیٹر،اور ایک کمنٹیٹرکو بھی ہر ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ قومی سطع پر اتنے بڑے پیمانے پر کشمیری کھلاڑیوں اور پروفیشنلز کو شامل کیا گیا ہے۔اس حوالے سے کشمیرسپریم لیگ کے ہیڈ آفس میں ایک خصوصی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین کشمیر سپریم لیگ مسعود خان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان،قومی ہیرو شاہد خان آفریدی کے ساتھ اس لیگ کے برینڈ ایمبیسیڈر کے طور معاہدے پر دستخظ کیے اور انھیں اس لیگ سے متعلق بریفنگ بھی دی اور خوش آمدید بھی کہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ اس لیگ کے ساتھ وابستگی کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں،کشمیر سپریم لیگ کی مینجمنٹ گزشتہ چار سال سے انتہائی محنت اور جانفشانی کے ساتھ اس لیگ کی تیاریوں میں مصروف ہے بہت ہی پروفیشنل انداز میں کے ایس ایل کی انتظامیہ تمام معاملات کو لیکر آگے بڑھ رہی ہے،میں اس لیے بھی خوش ہوں کہ کشمیری بچوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔
نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا تو انھیں کل پاکستان کی ٹیم میں کھیلنے کے مواقعے میسر آئیں گے۔ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اچھی کرکٹ کھیلنے والے نوجوانو ں کو بہترین مواقعے فراہم کریں۔انکا کہنا تھا کہ بطور خاص گلگت بلتستان کی ٹیم شامل کرنے کے فیصلے سے میں بہت خوش ہوں پہلی مرتبہ انھیں اتنے بڑے لیول پر پرفارم کرنے کا موقع ملے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر سپریم لیگ مسعود خان نے شاہد خان آفریدی کی لیگ کے ساتھ وابستگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں اس امر کا یقین دلایا کہ کشمیر سپریم لیگ دنیائے کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے کچھ نئے اور باصلاحیت چہروں کو سامنے لانے کا ذریعہ بنے گی۔
انھوں نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے شہروں میں ٹرائلز کے پہلے مرحلے کا آغاز رواں ماہ 13اگست سے مظفرآباد میں ہو گا۔جس کے بعد باغ،راولاکوٹ،کوٹلی اور میرپور میں ٹرائلز کا اختتام ہو گارواں ماہ اگست میں افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔پاکستان کے مختلف شہروں اور مظفرآباد میں 19سنسنی خیز میچز کھلیے جائیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کھلاڑی معین خان پہلے ہی ڈائریکٹر آپریشن کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ دعووں کے بجائے عملی طور پر لیگ میں ہر ٹیم کے ساتھ چھ کشمیری کھلاڑی اور 6 پروفیشنلز کو شامل کیا گیا ہے۔ جس سے نہ صرف کشمیر کے علاقائی ثقافت اور سیاحت کو فروغ ملے گا بلکے لیگ فار پیس کے سلوگن تلے کشمیر کا سافٹ امیج بھی دنیا کے سامنے اجاگر ہو گا۔کشمیری ثقافت کے فروغ کے لیے کشمیر سپریم لیگ کا آفیشل سانگ معروف کشمیری گلوکارہ بانو رحمت گائیں گی جس میں کشمیری ثقافت کی جھلک نمایاں ہو گی۔
واپس کریں