دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر پبلک سروس کمیشن کے نوتعینات چئیرمین، اسٹیٹ سبجیکٹ ہونا ضروری ہے۔آزادکشمیر ہائی کورٹ
No image راولاکوٹ(آصف اشرف) آزادجموں و کشمیر ہائی کورٹ نے شمالی کشمیر سے تعلق رکھنے والے آزاد کشمیر پبلک سروس کمیشن کے نوتعینات کردہ چئیرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر) ہدایت الرحمان کی تقرری کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کو بائیس اپریل کو طلب کر دیا ۔ ہدایت الرحمان کی تقرر عدالت العالیہ میں سٹیٹ اسبجیکٹ نہ ہونے پر چیلنج کر دی گئی تھی ۔ چیف جسٹس عدالت العالیہ راجہ صداقت نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے 22ااپریل کو طلب کیا ہے رٹ پٹیشن صحافی حارث قدیر نے دائر کی،ہے ان کی جانب سے سید ذوالقرنین نقوی کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔
پٹیشنر نے موقف اپنایا ہے کہ نوتعینات چئیرمین پی ایس سی سٹیٹ سبجیکٹ نہیں ہیں اور اس عہدے کے لئے انکا سٹیٹ سبجیکٹ ہونا ضروری ہے۔ چیف جسٹس راجہ صداقت نے ریمارکس دئیے کہ چئیرمین پی ایس سی تعینات ہونے کےلئےآزاد کشمیر پبلک سروس کمیشن کے نوتعینات کردہ چئیرمین، سٹیٹ سبجیکٹ ہولڈر ہونا ضروری نہیں ہے۔ پٹیشنر کے وکیل کا موقف تھا کہ سٹیٹ سبجیکٹ ہونے کا ثبوت سٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ کے ذریعے ہی دیا جا سکتا ہے، اور نو تعینات چیئرمین پی ایس سی کا کسی قسم کا ریکارڈ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے پاس موجود نہیں ہے۔
یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ہدایت الرحمان کو آزاد حکومت نے 13 جنوری کو بطور چئیرمین پی ایس سی تعینات کیا ہے۔ انکا ریاست جموں کشمیر کے سب سے بڑے خطہ گلگت بلتستان کے ضلع استور سے ہے۔ وہ گلگت بلتستان کے پہلے تھری سٹار جنرل ہیں۔ یہ بھی واضح رہے کہ گلگت بلتستان متنازعہ ریاست جموں کشمیر کا حصہ ہے۔ تاہم گزشتہ کئی دہائیوں سے گلگت بلتستان سے سٹیٹ سبجیکٹ رول کو معطل کر کے پاکستان سٹیزن شپ ایکٹ نافذ کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے گلگت بلتستان میں نہ صرف ڈیموگرافی تبدیل کئے جانے کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں بلکہ غیر مقامی افراد کو زمینیں الاٹ کئے جانے کے الزامات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔
اب جبکہ گلگت بلتستان میں سٹیٹ سبجیکٹ رول موجود نہیں ہے تو ایسے حالات میں گلگت بلتستان کے شہریوں کو آزاد جموں کشمیر میں روزگار سمیت زمینوں کی خرید و فروخت کا حق حاصل ہے یا نہیں۔ اس بات کا فیصلہ بھی مذکورہ کیس کے ذریعے ہی طے ہونا ہے۔ اسی طرح یہ بھی عدالت کی جانب سے طے کیا جائے گا کہ آیا سٹیٹ سبجیکٹ رول ختم ہونے کے باوجود گلگت بلتستان کے شہری باشندہ ریاست جموں کشمیر کہلا سکتے ہیں یا نہیں ۔
اس سے پہلےگلگت سے تعلق رکھنے والے سرور گلگتی پچیس سال سے زیادہ عرصہ سے حکومت آزاد کشمیر کے محکمہ لیبریشن سیل کے ڈائریکٹر چلے آ رہے ہیں۔
واپس کریں