دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
ایکٹ چوہتر کے زریعہ آزاد حکومت کو نوآبادیاتی کالونی بنایا گیا ہے
No image راولاکوٹ(آصف اشرف) تیرویں آئینی ترمیم میں پاکستان کے ریٹائرڈ ججز کو آزاد کشمیر میں تعینات کرنے کی تجویز شامل کیے جانے کا انکشاف آزاد کشمیر کے ریاستی ڈھانچے پر ایک اور شب خون مارنے کا وار سامنے آ گیا آزا د کشمیر کے سنئیر قانون دان طبقہ کی طرف سے یہ انکشاف سامنے آ یا ہے کہ فاروق حیدر دور میں آزاد کشمیر کے قومی تشخص پر گہری اور کاری ضرب لگائی گئی ہے جہاں پہلے ہی معاہدہ کراچی اور ایکٹ چوہتر کے زریعہ آزاد حکومت کو نوآبادیاتی کالونی بنایا گیا ہے ۔
چوبیس اکتوبر 1947کو بننے والی آزاد حکومت کے اختیارات معاہدہ کراچی اور ایکٹ چوہتر کے ذریعے اسلام آباد حکومت کے نامزد کردہ غیر ریاستی چیف سیکرٹری اور دیگر لینٹ آفیسران کو منتقل کیے گئے ہیں وہاں وزیراعظم آزاد کشمیر کی نامزدگی کا اختیار بھی قانون ساز اسمبلی سے لیکر وزیر امور کشمیر کو دیا گیا ہے اس کے ساتھ کشمیر میں ججز کی تعیناتی کا اختیار بھی وزیراعظم پاکستان کو دیا گیا ہے۔
اب تیرویں ترمیم کے زریعے یہ بھی آزاد کشمیر حکومت کے عبوری آئین ایکٹ چوہتر میں شامل کیا گیا ہے کہ پاکستان سے کسی بھی ریٹائرڈ جج کو جب چاہے آزاد کشمیر میں نہ صرف جج لگایا جا سکتا ہے بلکہ بطور چیف جسٹس آزاد کشمیر سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ بھی لگایا جا سکتا ہے اس تجویز کو عبوری آئین کا حصہ بنائے جانے کے بعد اس وقت کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کا یہ دعویٰ سچ نظر آنے لگا کہ وہ آخری وزیر اعظم ہیں اور سیٹ اپ بدل جائے گا۔
واضع رہے کہ فاروق حیدر کے دور حکومت میں اسلام آباد میں اعلی سطحی میٹنگ میں جب آزاد کشمیر اور گلگت کو صوبہ بنائے جانے کی تجویز پیش کی گئی تب راجہ فاروق حیدر مصلحت میں خاموش رہے اور پونچھ سے تعلق رکھنے والے وزیر فاروق طاہر نے اس تجویز کی مخالفت کی جن کا آزاد کشمیر اسمبلی اور کشمیر کونسل کے کسی رکن نے ساتھ نہیں دیا صرف یاسین ملک کے نمائندے رفیق ڈار اور علی گیلانی کے عزیز عبدللہ گیلانی نے مخالفت کی اس وقت سری نگر سے یاسین ملک اور جے یو آئی سربراہ فضل الرحمان نے ڈٹ کر مخالفت کی تب جا کر اس منصوبہ کو روکا گیا مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم عتیق خان نے منصوبہ کی اس شرط پر حمائیت کی کہ انہیں بھی آ ن بورڈ رکھا جائے ۔
دوسری طرف ریاستی تشخص کے نام پر منظور کروائی تیرویں ترمیم میں ریاست کے آئین سے کھلواڑ کر کے اس کو مزید مجروح کرنے کے ردعمل میں وکلا اور قوم پرست طبقہ نے مشاورت شروع کر دی ہے اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولاکوٹ کے نومنتخب صدر عاصم ارشاد کی معیت میں اس شق کے خلاف اعلی عدلیہ میں رٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واپس کریں