دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
ہم تحریک آزادی کشمیر میں اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وجاہت رشید بیگ
No image اسلام آباد: سیکرٹری کشمیرکاز آرٹس اینڈ لینگویجز وجاہت رشید بیگ نے کہاہے کہ5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کو شایان شان منانے کے لیے پروگرامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ جناب وزیراعظم کے احکامات کی روشنی میں لوک ورثہ اسلام آباد میں جموں وکشمیرلبریشن سیل، کشمیرکلچرل اکیڈمی اورمحکمہ صنعت وحرفت کے زیر اہتمام سہہ روزہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ سہہ روزہ تقریبات میں تحریک آزادی کشمیر کے متعلق لٹریچر کے علاوہ ریاست جموں وکشمیرکی ثقافت کو اجاگرکرنے کے لیے مختلف سٹالز لگائے جائیں گے۔وہ گزشتہ روز کشمیرسنٹرراولپنڈی میں اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ڈائریکٹرکشمیرسنٹر راولپنڈی راجہ خان افسرخان، ڈپٹی ڈائریکٹرسردارساجد محمود، اے ڈیز انعام الحسن اور راجہ راشدرضا شریک ہوئے۔
وجاہت رشید بیگ نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیرلبریشن سیل کے زیراہتمام مظفرآباد میں مرکزی تقریب اور یکجہتی واک، انٹرویوز کی ریکارڈنگ، آزادکشمیر کے داخلی مقامات کوہالہ، ہولاڑ پل، برارکوٹ، منگلاپل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر، آزادکشمیر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز کے علاوہ پاکستان کے بڑے شہروں میں دستخطی مہم کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔سوشل میڈیا پر پچھلے ایک ماہ سے سیاسی، سماجی ومذہبی شخصیات کے مختصر ویڈیوپیغامات جاری کرنے کی مہم زوروشور سے جاری ہے جس میں محب وطن افراد کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے نیز بھارتی مظالم کو آشکارکرتی تصویریں بھی وائرل کی جارہی ہیں۔ اس مہم کا مقصد عالمی دنیا کی توجہ بھارتی مظالم کی طرف مبذول کروانااور مظلوم کشمیری عوام کو یہ پیغام پہنچانا ہے کہ پاکستانی قوم ان کی پشتیبان ہے۔ اہل پاکستان اپنے مظلوم بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت بھرپورطریقے سے جاری رکھے ہوئے ہیں نیز بھارت کو واشگاف الفاظ میں یہ پیغام دینا ہے کہ ہم تحریک آزادی کشمیر میں اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امسال یوم یکجہتی کشمیر اس حوالے سے زیادہ اہمیت کاحامل ہے کہ حال ہی میں بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے لیے بھارتی اقدامات کی توثیق کرتے ہوئے انصاف کا کھلے عام قتل کیا ہے۔ چنانچہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے ہمیں پورے جوش وخروش اور جذبے کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔دریں اثنا سیکرٹری وجاہت رشید بیگ نے لوک ورثہ اسلام آباد کا وزٹ کیا اور سہ روزہ تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے مختلف محکمہ جات کے ذمہ داران سے بھی ملاقات کی اور انتظامات کو حتمی شکل دی۔
واپس کریں