دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
تحریک آزادی کشمیر دراصل تکمیل پاکستان ہی کی جدوجہد ہے
No image اسلام آباد۔سیکرٹری کشمیر کاز، آرٹس اینڈ لینگویجز وجاہت رشید بیگ نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگرکرنے کے لیے بھرپور اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کے تاریخی حقائق سے روشناس کروانے کے لیے جامعات کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبوں پر حکمت عملی مرتب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کشمیرکاز کو اجاگرکرنے اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ لاہور، کراچی، میرپور اور راولاکوٹ میں محکمانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ذیلی دفاتر کا قیام ضروری ہے۔ سیکرٹری وجاہت رشید بیگ نے ان خیالات کا اظہار چیئرمین شعبہ کشمیریات پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرخواجہ زاہدعزیز اور لاہور میں کشمیری کمیونٹی کے رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وجاہت رشید بیگ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے تاریخی حقائق سے طالب علموں کو روشناس کروانے کیلئے جامعات کے تحقیقی شعبوں کے ساتھ مل کر ریسرچ امور کو یکسو کیاجائے گا۔اس موقع پر انھوں نے پنجاب یونیورسٹی کی لائبریری کا وزٹ بھی کیا۔ وجاہت رشید بیگ نے کہا کہ لائبریری میں موجود اہم دستاویزات حاصل کرکے انھیں مظفرآباد میں واقع KPRI کی لائبریری کا حصہ بنایاجائے گا تاکہ آزادکشمیریونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں کے طالب علم ان سے استفادہ کرسکیں۔ دریں اثناء سیکرٹری کشمیرکاز آرٹس اینڈ لینگویجز وجاہت رشید بیگ نے کشمیری کمیونٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل کوآرڈی نیشن ونگ سردارساجدمحمود، سینئررہنما پاکستان پیپلز پارٹی غلام عباس میر، صدر کشمیر سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن راجہ محمدرفیق،صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیرلاہورسرکل راجہ شہزاداحمد، رہنما پاکستان تحریک انصاف مرزا صادق جرال، فاروق آزاد، قاری مشتاق احمد، ایڈووکیٹ محمد صدیق، کونسلر حاجی اعجاز احمد، سینئرصحافی سیدفرزند علی، اے ڈیز انعام الحسن، فرحان عباسی، اسسٹنٹ راجہ محمدندیم اور دیگر موجود تھے۔ سیکرٹر ی وجاہت رشید بیگ نے کہا کہ جموں وکشمیرلبریشن سیل کشمیرکاز کو اجاگرکرنے کیلئے منظم حکمت عملی کے تحت کام کررہاہے۔مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا کے سامنے پیش کیاجارہاہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر دراصل تکمیل پاکستان ہی کی جدوجہد ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج کا یہ دورہ بھی جناب چیف سیکرٹری کی ہدایات کی روشنی میں اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔
واپس کریں