دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
قلب کشمیر سے ،5اگست: یوم استحصال کشمیر
No image تحریر: آمنہ اسحاق عباسی۔5 اگست 2019 دراصل، کشمیریوں کے اوپر ڈھائے جانے والے ظلم وبربریت کشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے جو کہ منگولوں کی درندگی ، عیسائی آرتھوڈوکس کی حیوانیت ، ہٹلر کی خونخواری اور اسرائیل کی شطانیت کا اگر کہیں ملاپ دیکھنا ہو تو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مودی حکومت کا مسلسل بڑھتا ہوا ظلم اور برابریت دیکھا جا سکتا ہے ۔ بھارت نے دینا کو جموں وکشمیر کے اندر ظلم وجبر کے ایسے ایسے مناظر دکھائے کہ ہر زی روح کانپ اٹھی ۔ آج اس واقعے کو چار برس مکمل ہو چکے ہیں ۔مگر کشمیری قوم استقامت کا پہاڑ بنی رہی ۔
5 اگست 2019 کو مودی حکومت نے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی قانونی حیثیت کو تبدیل کیا اور کشمیریوں پر ظلم کا ایک نیا دور شروع کیا۔ بھارتی آئین میں جموں وکشمیر پر دو بنیادی آرٹیکل شامل تھے۔ آرٹیکل 370 جو غیر قانونی زیر قبضہ ریاست کو خصوصی حیثیت دیتا تھا اور آرٹیکل 35 اے کے تحت یہ واضح کیا گیا تھا کہ کون مقبوضہ کشمیر کا مستقل شہری ہے اور کون زمین خرید سکتا ہے۔ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو منسوخ کرنے اور جموں و کشمیر اور لداخ کے دو مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کا بھارتی اقدام متنازعہ علاقوں پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی نمائندگی کرتا ہے۔5 اگست 2019 کے بعد، مودی حکومت ہندو انتہا پسند تنظیموں آر ایس ایس کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے کے لیے ہندوستانیوں کو کشمیر میں آباد کرنے کی راہ ہموار کرنے کی سازش کر رہی ہے۔
اب تک مقبوضہ کشمیر میں آباد ہونے کے لیے 40 لاکھ ڈومیسائل جاری کیے گئے ۔ تقریباً 3000 ملتے جلتے سرٹیفیکیٹس نیپال سے گورکھوں اور کچھ نظر انداز شدہ والمیکی کمیونٹی کے لیے مختص کیے گئے ۔6 مارچ 2020 کو حد بندی کمیشن اور 31 مارچ 2020 کو ڈومیسائل قانون کے نفاذ کے علاوہ، مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے اور کسی بھی ریفرنڈم کے نتائج کو متاثر کرنے کے حتمی مقصد کے ساتھ آبادیاتی تبدیلی جاری ہے۔ آبادیاتی تبدیلی کے ایجنڈے کے طور پر، حد بندی کمیشن نے مئی 2022 میں اپنی رپورٹ پیش کی۔
حد بندی کمیشن نے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تمام 90 اسمبلی حلقوں کے نقشے تبدیل کر دیے ہیں۔اور 1995 میں کی گئی آخری حد بندی کی فہرست سے 19 موجودہ حلقوں کو دوبارہ ترتیب دینے یا حذف کرنے کے علاوہ 28 نئے حلقوں کا نام تبدیل کر دیا۔کمیشن نے جموں ڈویڑن میں درج فہرست قبائل کے لیے نو۔جموں ڈویڑن میں چھ اور کشمیر ڈویڑن میں تین اور جموں ڈویڑن میں درج فہرست ذاتوں کے لیے سات نشستیں مخصوص کی ہیں.جموں ڈویڑن میں کٹھوعہ، سانبہ، راجوری، ڈوڈا، ادھم پور اور کشتواڑ اضلاع میں چھ نئی اسمبلی سیٹیں بنائی گئی ہیں۔کمیشن نے ایک حلقے کا نام شری ماتا ویشنو دیوی بھی رکھا ہے۔ اس تمام تر صورت حال کے بعد سے وہاں بدترین مظالم شروع ہو گئے۔ کشمیری عوام بیرونی دنیا سے کٹ گئے اور وادی کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا۔
کشمیریوں پر ظلم و ستم گزشتہ ایک صدی سے جاری ہے ، لیکن آرٹیکل 370 اور 35 اے کے منسوخ ہونے کے بعد سے صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔کشمیری عوام کے لیے صدیوں سے ہر لمحہ بھاری ہے۔ ہزاروں فوجی اہلکار ہر وقت سڑکوں پر گشت کرتے ہیں اور علاقے میں کسی احتجاج یا اجتماع کی صورت میں فوری کارروائی کرتے ہیں۔نہتے کشمیریوں کو خون میں نہلایا جاتا ہے، کشمیروں کو قید کی سختیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان پر آتش فشاں کی بارش کی جاتی ہے۔
بھارتی غیر قانونی قابض افواج نے 5 اگست 2019 سے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اضافی فوجیوں کی تعیناتی اور میڈیا پر کڑی پابندیاں لگا کر، غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کو کرہ ارض کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال گزشتہ چار سالوں کے دوران سنگین طور پر ابتر ہوئی ہے۔ تقریباً 4000 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔کشمیری عوام ابھی تک فوجی محاصرے میں ہیں، ان کی اعلی حریت قیادت بدستور قید ہے اور ان کے نوجوان بھارتی غیر قانونی قابض افواج کی جانب سے محاصرہ اور تلاشی آپریشنز کے ذریعے اندھا دھند ماورائے عدالت قتل کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ درحقیقت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور ہر قسم کی آزادی سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے۔
مودی حکومت نے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کو ایک ایسے خطے میں بدل دیا ہے جہاں کوئی گھر ایسا نہیں ہے جس نے بھارتی فوجیوں کی درندگی کا نشانہ بننے والے اپنے کس پیارے کو دفن نہ کیا ہو ۔ 2014 سے حراست میں تشدد سے اب تک 30,000 سے زائد افراد کو بدترین قسم کے تشدد کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ تشدد کی تکنیکوں میں واٹر بورڈنگ، جبری فاقہ کشی، نیند کی کمی اور لاشوں کو جلانا شامل ہے۔ڈریکونین قوانین میں خصوصی قوانین نے ایسے ڈھانچے بنائے ہیں, جو قانون کے معمول کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں، جواب دہی میں رکاوٹ ڈالتے ہیں اور ریاست جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے متاثرین کے علاج کے حق کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
ریاست پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ صدی کے سب سے بڑے انسانی بحران اور المیے میں تبدیل ہو چکا ہے جو عالمی برادری کی بے حسی کو بھی بیان کرتا ہے۔ کشمیری عوام کو اپنے بنیادی حقوق اور شہری آزادیوں کے استعمال سے محروم ہوئے 4 سال سے زیادہ کا عرصہ ہو گیا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کے دن "یوم استحصال کشمیر" کے طور پر منایا جا رہا ہے اور کشمیری کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے مختلف شہروں میں بھارت کے خلاف مظاہرے کیے اور ریلیاں بھی نکالی گئیں ۔
amnaishaqabbasi@gmail.com
واپس کریں