دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پاکستان میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی
No image پاکستان میں رواں ہفتے کے دوران شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں منگل 26 اپریل سے دو مئی تک درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔

ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات کے بارے میں محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ طویل خشک موسم کے باعث آبی ذخائر، کھڑی فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خدشہ ہے۔ اس میں تجویز دی گئی ہے کہ عوام گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کے مناسب اقدامات کریں۔

ماہرین کے مطابق تھوڑے عرصے میں یہ دوسری گرمی کی لہر ہے جس سے تقریباً پورا پاکستان ہی متاثر ہو گا۔ تاہم ہر حصے میں وہاں کے معمول کی گرمی سے درجہ حرارت مزید پانچ سے سات ڈگری تک بتدریج بڑھتا رہے گا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ کے وسط سے بھی پاکستان میں غیر معمولی 'ہیٹ ویو' آئی تھی۔

محکمہ موسمیات کے ڈاکٹر خالد محمود نے بی بی سی کو بتایا کہ اس گرمی کی شدت کا زیادہ اثر 27 اپریل سے دیکھنے کو آئے گا جہاں راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی درجہ حرارت 39 اور 40 سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

ان کے مطابق اس لہر سے سب سے زیادہ جنوبی پنجاب متاثر ہو گا جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری سے بھی بڑھ جائے گا جبکہ لاہور میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اور وسطی سندھ، وسطی اورجنوبی پنجاب اور صوبہ بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت چھ سے آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی پنجاب، دارالحکومت اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت پانچ سے سات ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
بی بی سی

واپس کریں