دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بھارتی ایجنسیوں کی طرف سے حریت رہنماؤں کی جائیدادوں کی ضبطی کی مذمت
No image بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں خواجہ فردوس اور سید بشیر اندرابی نے بھارتی ایجنسیوں کے ہاتھوں حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی جائیدادیں ضبط کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خواجہ فردوس اور سید بشیر اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارت کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو دبانے کے لیے مختلف حربے استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج مقبوضہ علاقے میں کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری اور قتل کے لیے چھاپے مار رہی ہے اور حکام اپنی ایجنسیوں کے ذریعے کشمیری رہنماؤں کی جائیدادیں ضبط کر رہے ہیں تاکہ ان پر تحریک آزادی سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔

اے پی ایچ سی کے رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنا پیدائشی حق خودارادیت مانگ رہے ہیں جس کا بھارتی رہنماؤں نے اقوام متحدہ میں وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارت سے آزادی کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔
واپس کریں