دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
ضمنی انتخابات میں بدترین شکست پر نواز شریف شدید برہم، مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس
No image ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ کی بدترین شکست پر نواز شریف نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کرکے رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مطابق ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی بدترین شکست پر پارٹی میں ہلچل مچ گئی، پارٹی سربراہ نواز شریف نے قیادت پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔(ن) لیگی ذرائع کے مطابق نواز شریف پارٹی قیادت کی کارکردگی سے نالاں ہیں اور انہوں ںے لیگی وزرا اور عہدے داروں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے اعلی قیادت سے ضمنی انتخابات میں شکست کی فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق قیادت کی جانب سے نواز شریف کو ضمنی انتخابات میں شکست کی ابتدائی رپورٹ ارسال کردی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ، بجلی کے بھاری بل، پارٹی کا مفاہمانہ بیانیہ اور قیادت کی عدم دلچسپی شکست کی وجوہات بنیں۔ن لیگی ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی سرخرو ہوئی ہے اور پیپلزپارٹی کی پنجاب میں واپسی ہوئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شکست کے مکمل اسباب جاننے کے لیے پارٹی سربراہ میاں نواز شریف نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ یہ کمیٹی دو روز میں پارٹی کی شکست کی وجوہات کی رپورٹ نواز شریف کو ارسال کرے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو حقیقی آزادی کی بات کرنے والا خود تسلیم کر رہے ہیں میں بیک ڈور مذاکرات کر رہا ہوں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ حقیقی آزادی والا کہہ رہا بیک ڈور مذاکرات کر رہا ہوں، عوام کو کہہ رہا ہے حقیقی آزادی لے رہا ہوں اور پریس کانفرنس میں خود کہہ رہے ہیں بیک ڈور مذاکرات کر رہا ہوں، کیوں کر رہے ہو، کون سے مذاکرات بیک ڈور ہوتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ صدرمملکت کے عہدے کی عزت کو اپنی سیاست کے لیے متنازع بنایا ہے اور پیر پکڑتے ہو، مذاکرات کس کے ساتھ کر رہے ہیں، عوام کے سامنے بتاؤ۔
ان کا کہنا تھا کہ تم تو کہتے ملک اور عوام کو آزاد کروا رہا ہوں لیکن تم بیک ڈور مذاکرات سے آزاد نہیں ہوئے تو پاکستان کے عوام کو کون سی حقیقی آزادی دلاؤں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام سنیں کہ عمران خان خود کہہ رہے ہیں بیک ڈور مذاکرات کر رہا ہوں وضاحت نہیں ہے تو حقیقی آزادی والے سوچ لیں کہ جو حقیقی آزادی دلانا چاہتا ہے، وہ عوام کے مذاکرات بیک ڈور کر رہے ہیں، اس کی اتنی جرات نہیں ہے عوام کے سامنے آکر مذاکرات کریں۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مذاکرات کیا کہ میری کرسی مجھے واپس لوٹا دو، اور کوئی مذاکرات نہیں ہیں۔

ایک فارن فنڈڈ فتہ جو ملک میں ہروقت انتشار، سیاسی عدم استحکام اور افراتفری مچانے کی کوشش کرتا ہے اور آج دوبارہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جو جھوٹ کا پلندہ تھی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی مخالفت میں بھول چکے ہیں اور سمجھتے ہیں پاکستان کے عوام بھی بھول جائیں کہ وہ 4 سال مسلط رہے ہیں، وزیراعظم کی کرسی پر مسلط رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 4 سال ملک کے ساتھ جو کیا، معاشی تباہی، بے روزگاری، ملک کا دیوالیہ اور ملک کے اندر اخلاقیات کا دیوالیہ ایک طرف جس سے نکلنے کے لیے کئی سال لگیں گے لیکن معاشی دیوالیہ، کشمیر کا سودا، کرپشن، لوٹ مار اور ڈاکے کی داستانیں اور کرپشن سے اٹی ہوئی فائلیں منہ پر طمانچے ہیں۔

‘6سیٹیں جیتنے دارالحکومت پر یلغار کا سرٹیفکیٹ نہیں ملا’
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف اقتدار کی ہوس اور لالچ میں ایک شخص اندھا ہوچکا ہے، ضمنی انتخابات میں 8 سیٹوں میں سے 6 جیتنے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کو دارالحکومت میں یلغار کا سرٹیفکیٹ مل گیا حالانکہ یہ تمام سیٹیں عمران خان کی چھوڑی ہوئی سیٹیں تھیں۔انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے دھونس دھمکی اور الرٹ دے کر انتخابات کا مطالبہ کریں، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی پولیس لے کر دارالحکومت پر حملہ آور ہوجائیں۔

‘ملتان اور کراچی میں بھی ریفرنڈم ہوا’
وزیراطلاعات نے کہا کہ اگر یہ ضمنی انتخابات ریفرنڈم ہیں تو ملتان اور کراچی میں بھی آپ کے خلاف ریفرنڈ میں آیا ہے، ضمنی انتخابات ہوگئے6 سیٹیں جیتی ہیں تو الیکشن کمیشن کو گالیاں دیں اور کہیں وہ جانب دار ہے، یہ الیکشن شفاف نہیں اور حکومت کے ساتھ ملا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج کہتے ادارے جانب دار نہیں، ایکس وائی کا نام لیتے کہ انہوں نے الیکشن میں دھاندلی کی ہے، تکلیف صرف آرمی چیف کی تعیناتی پر ہے۔انہوں نے کہا کہ 75 سال کی تاریخی قرضہ عمران خان نے لیا، 75 سال میں قرضے 25 ہزار ارب تھے اور 4 سال میں 45 ہزار ارب تک قرض پہنچا دیا، لوگوں کے ٹیکسی ڈرائیور بنے رہے، دوست ممالک کو ناراض کیا اور ہر جگہ کشکول لے کر گئے اور ملک کو مقروض کردیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کے ساتھ کیا ہوا تو پچھلے 4 سال میں آپ نے جو کیا اس پر ہیومن رائٹس واچ ا ور عالمی تنظمیوں کو کیوں نہیں خط لکھا، قائد حزب اختلاف کو دو دفعہ گرفتار کیا، خواجہ آصف، احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، سعد رفیق، سلمان رفیق، مفتاح اسمٰعیل، کامران مائیکل، مریم نواز اور حمزہ شہباز اور لوگوں کی بہنوں کو گرفتار کرکے سزائے موت کی چکیوں پر رکھا۔

انہوں نے کہا کہ آج انسانی حقوق کے بھاشن دے رہے ہیں تو اپنے دور رانا ثنااللہ پر 20 کلو ہیروئین ڈال دی، اس کے بعد جاوید لطیف کی 90 سالہ والدہ کو گرفتار تو کیا تو اس وقت ان کی بھی عزتیں تھی اور آج کہہ رہے ہیں کیا غلط کیا۔سابق وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ تمہارے لوگ تمہارے کہنے اور اشتعال انگیزی کی وجہ سے افواج پاکستان کے خلاف مہم چلائیں اور آرمی چیف کی تعیناتی متنازع بنائیں جبکہ وہ سیلاب میں لوگوں کی جانیں بچا رہے ہیں اور سرحد میں حفاظت کرتے ہیں اور ہیلی کاپٹر کے حادثے پر لوگوں کو سوشل میڈیا پر مہم چلانے کا کہتے ہوں۔

‘آرمی چیف کی تعیناتی قانون کے مطابق وزیراعظم کریں گے’
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں 6 آرمی چیف کی تعیناتی کی، اگر آپ کو شوق ہے تو 172 نمبر پورے کریں اور آئینی طریقے سے عدم اعتماد لا کر اپنی حکومت بناؤ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت پارلیمان کے اندر شہباز شریف کے پاس 174 سیٹیں تھیں اور آج 176 سیٹیں ہیں اور عمران خان کی 8 سیٹیں کم ہوئی ہیں لیکن حکومت کے پاس ضمنی انتخابات کے بعد سیٹوں میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف آئین اور قانون کے مطابق حق رکھتا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کرے، آپ جیسا سازشی اور فراڈ کسی قسم کی تعیناتی کے قابل نہیں ہے۔

‘اپریل میں ملک ڈیفالٹ ہوچکا تھا’
انہوں نے کہا کہ عمران خان ڈیفالٹ کی بات کرتا ہے حالانکہ انہوں نے ملک کی معیشت تباہ کردی اور ملک کو ڈیفالٹ کیا، اپریل میں ملک ڈیفالٹ ہوچکا تھا لیکن اتحادی حکومت نے شہباز شریف کی قیادت میں ڈیفالٹ ہونے سے بچایا کیونکہ فارن فنڈنگ کے عوض تم یہ سودا کرچکے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان 10 سال سے خیبرپختونخوا میں حکومت کر رہا ہے، ایک ہسپتال، ایک یونیورسٹی دکھائیں، جھوٹ بول کر شہباز شریف کا مقابلہ کرتے ہیں، تو پنجاب جیسا ایک ہسپتال دکھاؤ جو خیبرپختوںخوا میں بنایا ہو یا پنجاب میں 4 سال میں کوئی ایسا ہسپتال بنایا ہو۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کہتے ہو نواز شریف اور زرداری کی کرپشن تو 4 سال حکومت تھے، کہتے ہو نیب اور ایف آئی اے میں بندے لگانا چاہتے ہیں، تو تم نے نہ صرف بندے لگائے بلکہ بندوں کو یرغمال بھی بنایا، اغوا اور بلیک میل کیا، وزیراعظم ہاؤس کے باتھ رومز میں لوگوں کو یرغمال بنایا۔

چیئرمین پی ٹی آئی پر الزامات عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کو اپنی گندی سیاست کو پروان چڑھانے کے لیے استعمال کیا۔ان کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی کے ساتھ کیا ہوا تھا، رات کے اندھیرے میں دھکے دے کر گرفتار کیا گیا تھا، جب ان کی ضمانت ہوئی تو انہیں جیل کے پچھلے دروازے سے رہا کیا کیونکہ مرکزی دروازے سے رہا کرنے کی ہمت نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو گولیاں ماری، خواتین صحافیوں سمیت دیگر کے پروگرام بند کرادیے، میر شکیل الرحمٰن کو گرفتار کرکے میڈیا کو سب سے بڑا پیغام دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیومن رائٹس واچ نے صحافت اور آزادی اظہار رائے پر عمران خان کو پریڈیٹر کہا تھا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ فریال تالپور کو عید والی رات کو گھسیٹ کر جیل میں ڈالا، مریم نواز کو والد کے سامنے ہتھکڑیاں لگوائیں، شہباز شریف کی بیٹیوں کو عدالتوں میں گھسیٹا، تمہارے گھر والوں کی عزت ہے دوسروں کی بیٹیوں کی کوئی عزت نہیں ہے، جب ہیومن رائٹس والوں کو لکھو تو یہ لکھنا ہوگا، جس سے نظریں نہیں ہٹائی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی دفتر سے کوئی این آر او نہیں لیا بلکہ عدالتوں نے ضمانت دی اور بری کیا ہے۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی قانون کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو کرنی ہے، جس کا طریقہ کار قانون میں وضع ہے۔

عمران خان کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک آدمی جب سے اسلام آباد پوسٹ ہوا ہے تو بڑا ظلم ہو رہا ہے، نیوٹرل، ایکس، وائی، زیڈ، میر جعفر اور اب ایک آدمی تو کون سا آدمی، اس کا نام لو۔

‘اسلام آباد میں تعیناتی ہوئی ہے تو تمہارے پاس کون تھا؟’
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمہارے مطابق ایک آدمی جب سے اس کی اسلام آباد پوسٹنگ ہوئی ہے اس وقت سے تمہارے ساتھ ہو رہا ہے تو تمہارے پاس کون سا آدمی تھا کہ اپوزیشن کے صف اول کے لوگ اور ان کے بچے اور بیٹیاں جیلوں میں تھیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان تماشا کرتا ہے اور جھوٹ بولتا ہے، اپنی مرضی کے فیصلے آئیں تو خاموشی جب خلاف فیصلے آئیں تو گالی دیتا ہے اور ملک میں فتنہ پھیلانا چاہتا ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ضمنی انتخابات سے جمہوریت یا پارلیمان کا مقصد نہیں تھا بلکہ افراتفری پھیلانی تھے، ہمارے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خود الیکشن لڑنے سے پارلیمان میں پی ٹی آئی کی 8 نشستیں کم ہوئی ہیں کیونکہ اتنا حوصلہ نہیں ہے اپنی پارٹی کا ٹکٹ کسی کو دے دیں کیا 2023 کا الیکشن 272 سیٹوں پر خود لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کرانا تھا تو 8 مارچ کو الیکشن کرانا تھا لیکن اب موجودہ حکومت اور آئین کے مطابق جب حکومت چاہے عام انتخابات ہوں گے۔
واپس کریں