دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پاکستان کے بین الاقوامی دشمنوں نے عمران خان کو فنڈنگ دے کر پاکستان کا حکمران بنایا
No image مولانا فضل الرحمٰن نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کہتے ہو کہ مجھے اقتدار سے ہٹانے کے لیے سازش کی گئی، میں کہتا ہوں، نہیں! تمہیں اقتدار میں لانے کے لیے سازش کی گئی، اور ہم نے اس سازش کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا ہے کہ آپ کی حکومت میں قوم کو کیا ملا؟ قریب تھا کہ معیشت کی تباہی کے بعد ہم پاکستان کی ریاست سے ہاتھ دھو بیٹھتے، الحمد اللہ ہم نے وطن عزیز کو بچانے کے لیے تین سال جنگ لڑی۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا مردان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عجیب آدمی سے واسطہ ہے، آپ (عمران خان ) کی حکومت میں قوم کو کیا ملا؟ پاکستان معاشی دیوالیہ پن کے دہانے پر پہنچ گیا۔

انہوں نے کہا کہ اور قریب تھا کہ معیشت کی تباہی کے بعد ہم پاکستان کی ریاست سے ہاتھ دھو بیٹھتے، الحمد اللہ ہم نے تین سال اس وطن عزیز کو بچانے کے لیے، تمہارے ہاتھوں سے بچانے کے لیے ، بین الاقوامی یہودی لابی سے بچانے کے لیے، بین الاقوامی سازش سے بچانے کے لیے جنگ لڑی۔مولانا فضل الرحمٰن نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم کس سے بات چھپاؤ گے، کس سے اپنی حقیقت چھپاؤ گے، معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا، تم نے پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ہاتھوں بیچا، اور یہ میں نہیں کہہ رہا بلکہ آپ کی پارٹی کے سینئر لوگوں نے جلسہ عام میں کہا کہ ہم سے سب کچھ چھنوا لیا گیا ہے، لکھوایا نہیں گیا، اسی لکھوانے کے لیے تمہیں اقتدار میں لایا گیا۔


انہوں نے سوال اٹھایا کہ آپ کا اپنا صدر مملکت کل بیان دے رہا تھا کہ سازش کی تو کوئی بات نہیں تھی، ان کا کہنا تھا کہ آپ (عمران خان) امریکا کی پشت پناہی میں آئے، بین الاقوامی سازش کی بنیاد پر آپ کی فنڈنگ ہوئی ہے، اسرائیل اور بھارت سے آپ کی فنڈنگ ہوئی ہے، پاکستان کے بین الاقوامی دشمنوں نے آپ کو فنڈنگ دے کر پاکستان کا حکمران بنایا، اور آج الیکشن کمیشن نے آپ کی وہ چوری دنیا کے سامنے طشت ازبام کر دی، دنیا کو پتا چل گیا کہ آپ کے پیچھے پیسہ دینے والا کون تھا،
ان کا کہنا تھا کہ جب باہر کا پیسہ پاکستان میں آیا اور چین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی، پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا منصوبہ لایا جو امریکا کے لیے قابل قبول نہیں تھا، آپ (عمران خان) کو لایا گیا، آپ نے اس منصوبے کو جام کرکے رکھ دیا۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ امریکا کی خارجہ پالیسی کا محور ایک ہی بات تھی کہ اگر کوئی سی پیک کا حامی ہے تو وہ امریکا دشمن ہے، اگر سی پیک کا کوئی مخالف ہے تو وہ امریکا کا دوست ہے، تم نے سی پیک منصوبے کو جام کر دیا۔

انہوں نے عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کے تمام میگا پروجیکٹس روک دیے، ترقی کا سفر رک گیا، اور آپ کہتے ہیں کہ میں تو امریکا کے خلاف جلسے کر رہا ہوں، تم نے سب کچھ امریکا کے لیے کر دیا تھا، ہم نے اس ملک کو آپ سے چھڑایا، کسی نے سازش نہیں کی، سن لو فضل الرحمٰن میدان میں تھا، اور اس کی تحریک نے تمہیں اقتدار کی کرسی سے ہٹایا۔

پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ ایک طرف پارلیمنٹ سے استعفے دیے ہوئے ہیں، اور دوسری طرف عدالت میں جا کر کہتے ہیں کہ ہم نے استعفے نہیں دیے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست کو غیر سنجیدہ بنانا ان کا کام ہے، تمام حلقوں میں خود الیکشن لڑنا مذاق نہیں تو اور کیا ہے، انہوں نے کہا کہ تھوکا ہوا چاٹنا یہی عمران خان کی سیاست ہے، ایک طرف پارلیمنٹ غلط ہے اور اس میں نہیں بیٹھتا، اور دوسری طرف وہ کہتا ہے کہ تمام حلقوں کا خود الیکشن لڑوں گا۔
واپس کریں