دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
05/اگست 2019ء کے بعد ہندوستانی اقدام سے ریاست جموں وکشمیر کا تشخص پامال کیا گیا
No image (بیدار رپورٹ) مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستان کی جانب سے جاری بھارتی مظالم اور بالخصوص 05/اگست 2019ء کے بعد ہندوستانی اقدام جس سے ریاست جموں وکشمیر کا تشخص پامال کیا گیا اور مسلم اکثریت ریاست کو ہندو ریاست بنانے کے اقدام کے خلاف جموں وکشمیر لبریشن کمیشن جلسے /جلوس، ریلیز، سیمینارز اور طلباء آگاہی مہم کاانعقاد وقتاً فوقتاً کرنے کے اقدامات کر رہا ہے۔ نئی نسل کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی خاطر تعلیمی ادارہ جات میں طلباء آگاہی مہم کے اقدامات جموں وکشمیر لبریشن کمیشن نے شروع کر کے شیڈول کے مطابق پروگرامات کا انعقاد کیا۔ اس سلسلہ کا چھٹا پروگرام گورنمنٹ بوائز علی اکبر اعوان ماڈل ہائی سکول میں منعقد ہوا۔

اس پروگرام میں سیکرٹری کشمیر کاز، آرٹس اینڈ لینگویجز اعجاز حسین لون، ناظم جموں وکشمیر لبریشن کمیشن راجہ محمداسلم خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شائستہ افتخار، پرنسپل گورنمنٹ بوائز علی اکبر اعوان ماڈل ہائی سکول اصغر عباسی، اساتذہ اورطلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔طلباء کو جموں وکشمیر لبریشن کمیشن کے آفیسرنعمان منور عباسی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔بریفنگ میں مقبوضہ کشمیر کی اہمیت اس میں جاری بھارتی مظالم اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کرنے کے بعد جو صورتحال درپیش ہے اس پر طلباء کو بتایا گیا۔بریفنگ کے بعد طلباء کو مقبوضہ کشمیر پر خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن کمیشن راجہ محمد اسلم خان نے سٹاف اور طلباء کو اس بریفنگ کی غرض و غایت بیان کی اور بتایا کہ اس وقت ہمارے مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہن بھائیوں کو سماجی، اخلاقی حمایت کی سخت ضرورت ہے کیونکہ پوری مقبوضہ ریاست میں ایک نیم لاک ڈاؤن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ہماری وہاں کی سیاسی قیادت کو جیلوں میں بند کیا گیا ہے اور بعض کو ان کے گھروں میں حراست میں رکھا گیا ہے تاکہ عوام سے وہ رابطہ نہ رکھ سکیں۔

گزشتہ سال یکم ستمبر کو سید علی شاہ گیلانی حراست کے دوران وفات پا گئے اور کل ہی ان کے داماد ہندوستان کی تہاڑ جیل میں مسلسل نظر بندی کی وجہ سے وفات پا گئے ہیں۔ ہمارے کشمیر یوں نے 1947ء میں ڈھائی لاکھ سے زائد قربانیاں دیں اس کے بعد 1989ء سے لیکر اس وقت تک ا یک لاکھ کے قریب ہمارے بہن اور بھا ئی مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں۔ اس سوشل میڈیا کے دور میں ہمارے نوجوان اور طلباء مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم اور بریریت کو عالمی دنیا تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ہمارے سوشل میڈیا اکاؤنٹ فیس بُک، واٹس ایپ، ٹیوٹر اوریوٹیوب پر موجودہیں ان کی کاپیاں بھی آپ کو دی گئی ہیں۔آپ ان کا وزٹ کر کے ان سے معلومات حاصل کرکے اور ویب سائٹ سے خصوصی موادلے کر اسے سو شل میڈیا پر شیئر سکتے ہیں۔ اس کے بعد پرنسپل ادارہ نے جموں وکشمیر لبریشن کمیشن کی پوری ٹیم کاشکر یہ ادا کیا اور طلباء آگاہی مہم جاری رکھنے پر زور دیا تاکہ نئی نسل کو مسئلہ کشمیر کے متعلق جامع معلومات اور آگاہی حاصل ہو سکے۔بریفنگ پروگرام کے اختتام پرجناب سیکرٹری اعجاز حسین لون نے جناب پرنسپل ادارہ ہذا کو لٹریچر پیش کیا۔

سیکرٹری صاحب نے پرنسپل صاحب کے بہترین پروگرام کے انعقاد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
واپس کریں