دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
’آصفہ بھٹو کے ساتھ ڈرون ٹکرانا سوچا سمجھا حملہ تھا، آئی ایس آئی تحقیقات کرے‘بلاول بھٹو
No image پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے اُن کے حکومت مخالف پُرامن عوامی مارچ کے دوران نجی ٹی وی چینل کے ڈرون کا آصفہ بھٹو سے ٹکرانا ایک ’سوچا سمجھا حملہ‘ تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم اس حملے کی مذمت کرتے ہیں اور پاکستان کی فوج کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے آصفہ بھٹو پر حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے جمہوری حق کے تحت پرامن عوامی مارچ کیا لیکن اس دوران ان پر، ان کے خاندان پر اور جماعت پر حملے کیے گئے جن پر انھوں نے انتہائی صبر و تحمل سے مظاہرہ کیا۔

اُن کا کہنا تھا اس مارچ کے دوران دو ایسے واقعات ہوئے ہیں جو ان کے لیے ناقابل برداشت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے ایک واقعہ ان کی بہن آصفہ بھٹو زرداری پر ڈرون سے حملے کا تھا۔ انھوں نے کہا کہ جیسے ہی ان کا عوامی مارچ جنوبی پنجاب سے اپنا سفر مکمل کر کے وسطی پنجاب کی حدود میں داخل ہوا اس وقت ایک نجی ٹی وی کے ڈرون کیمرے کا ان کی بہن آصفہ بھٹو سے ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا ’جو ایک سوچا سمجھا حملہ تھا۔‘انھوں نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے اس واقعے کا ہر زاویے سے تجزیہ کیا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ’ڈرون ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہمارے ساتھ ساتھ رکھا گیا تھا اور اسے ہماری جانب بڑھایا گیا اور میری بہن کے ساتھ ٹکرایا گیا۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ یہ میرے والد اور میرے خاندان کے لیے پیغام تھا کہ آپ جمہوریت بحال کروانے کے لیے نکلے ہیں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ آصفہ بھٹو سے ڈرون ٹکرانے کے معاملے پر میں موجودہ حکومت پر بالکل یقین نہیں رکھتا اس لیے میں فوج کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے درخواست کروں گا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کرے اور رپورٹ مرتب کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے پر ہماری جماعت خود بھی بین الاقوامی ماہرین کے ذریعے ایک رپورٹ تیار کروائے گی اور اس کی بنا پر آگے کا لائحہ عمل طے ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت انھوں نے اس معاملے پر بہت صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا کیونکہ وہ جمہوریت اور میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 'اگر اس وقت میں ردعمل میں کوئی بات کہتا تو پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو روکنا میرے اختیار سے باہر ہو جاتا۔‘
واپس کریں