نیلم ویلی،سرگن میں آتشزدگی سے14مکان، متعدد جانور جل گئے
نیلم ۔بالائی نیلم کی ویلی سرگن میں المناک سانحہ میں 14 مکانات 1درجن گائے16بکریاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔آتشزدگی کے متاثرین کھڑی فصلوں سمیت زندگی کی جمع پونجی سے محروم ہوگئے۔اسسٹنٹ کمشنر شاردہ،سٹاف ڈی ڈی ایم اے، ایس ایچ او نے ہمراہ نفری جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقامی افراد کے اشتراک سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔سپیکر قانون سازاسمبلی شاہ غلام قادر نے انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کاحکم دیتے ہوئے متاثرین سے اظہار افسوس کیا۔ڈپٹی کمشنر راجہ محمود شاہد نے سرگن پہنچ کرنقصانات کاتخمینہ لگایا۔ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے متاثرین آتشزدگی سرگن کے لیے امدادی سامان روانہ کردیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق منگل کی شام سرگن کے نواحی علاقہ بنڑی میں 1 مکا ن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے آنا فانا پورے محلے کے 14 مکانات کواپنی لیپٹ میں لے کر راکھ کردیا۔تاہم آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی جس پرباوجود کوشش کے قابو پانا کسی بھی طور ممکن نہ تھا۔رہائشی مکانوں میں شہریوں کی زندگی کی جمع پونجی سمیت 12 گائے 16بکریاں اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔بنڑی محلہ سڑک سے دور ہونے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں تاخیر ہوئی۔اسسٹنٹ کمشنر شاردہ، راجہ محمد عظیم،DDMA ٹیم، ایس ایچ او ممتاز حسین ہمراہ نفری موقع پر پہنچ کرمقامی افراد سے لیکر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔شفیق الرحمن ولد مسکین، الطاف حسین ولد مسکین، فیض طلب ولد ولی رحمن، نذیر ولد میراحمد،نصیراحمد ولد محمد مسکین،فیاض احمد ولد محمدمسکین، شمس الزماں ولد میراحمد، انور ولد شمس الزمان، مظہر احمد ولد محمد ایو، سرفراز ایوب ولد محمد ایوب، گل خنداں ولد ایوب، محمد عارف ولد ولی الرحمن، منظور ولد شمس الدین، محمد صدیق ولد شمس الدین کے مکانات جل کر خاکستر ہوگئے۔آگ شفیق نامی شخص کے گھر کو لگی جس کی شدت سے دیگر 13 گھرانوں کو اپنی لپیٹ میں لیکر راکھ کردیا۔سپیکر قانون سازاسمبلی شاہ غلام قادر نے سانحہ آتشزدگی سرگن کاسنتے ہی انتظامیہ نیلم کو امدادی سرگرمیاں تیزکرنے کاحکم دیتے ہوئے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیاہے۔انچارج DDMA محمد اختر ایوب نے بتایاکہ متاثرین آتشزدگی سرگن کے لیے خیمے، چٹائیاں،گرم کمبل، میٹریس سمیت دیگر ضروری اشیا روانہ کردی گئیں ہیں۔
واپس کریں