نواز شریف اور مریم نوازنے جس طرح کشمیری مجاہدین کی حمایت کی کسی اور نے نہیں کی،وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا' سی ای سی' سے خطاب
لاہور۔وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر و صدرمسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان نے پاکستان مسلم لیگ( ن )سینٹرل ایگزیکٹیوکمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ کشمیری قوم محمد نواز شریف کی شکرگزار ہے جنہوں نے آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کیا جس کی وجہ آزادخطہ میں گزشتہ چار سالوں میں بے مثال ترقی ہوئی۔ آزادکشمیر کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر محمد نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کا شکرگزار ہوں ۔مظفرآباد میں نواز شریف اور مریم نوازنے جس انداز سے کشمیری مجاہدین کی حمایت کی کسی اور نے نہیں کی۔ محمد نواز شریف نے کشمیرسے اپنی محبت کا ثبوت عملی اقدامات سے دیا۔راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ پاکستان جمہوری جدوجہد کے ذریعے معرض وجود میں آیا ہے جمہوریت میں ہی پاکستان کی بقا ہے۔مسلم لیگ کی موجودگی میں اس ملک کو کچھ نہیں ہوسکتا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر و صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ میاں صاحب آپ جب حکم کریں گے چھوڑ دو اقتدار کو تو بخدا ایک سیکنڈ نہیں لگائیں گے، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کا پرچم انشااللہ نہیں گرنے دیں گے۔
این ایف سی ایوارڈ میں آزادکشمیر کا حصہ بڑھا یا گیااور آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کیلئے بڑے منصوبے دیے گئے جس سے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن پاکستان کی ترقی کی ضامن جماعت ہے۔مسلم لیگ ن نے ملک سے بجلی بحران کا خاتمہ کر کے روشنیاں لائیں۔ پاکستان نے مسلم لیگ ن کے دور میں ترقی کی اور ہماری معیشت مضبوط ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے اپنے دور میںجو منصوبے شروع کیے انہیں مکمل بھی کروایا۔ راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ محمد شہباز شریف نے بطور وزیر اعلی پنجاب آزادکشمیر کو ڈیڑھ ارب روپے دیے جس پر ان کے بھی شکرگزار ہیں۔وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان نے مسلم لیگ ن کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی ۔ صدرمسلم لیگ ن آزادجموں وکشمیر کے ہمراہ سپیکر قانون ساز اسمبلی و سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن آزادکشمیر شاہ غلام قادر، سینئر ووزیر چوہدری طارق فاروق ، وزراحکومت چوہدری محمد عزیز، راجہ مشتاق احمد منہاس ، ڈاکٹر نجیب نقی اور سید شوکت علی شاہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔
واپس کریں