مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارت کے غیر قانونی اقدامات ناقابل قبول، مسئلہ کشمیر سے متعلق ترک صدر کے بیان کا خیرمقدم، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد۔ پاکستان نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھانے پر ترکی کے صدر رجب ارددگان کا خیر مقدم کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو اٹھانے پر ترک صدر رجب طیب اردوگان کا خیرمقدم کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کی انڈیا کی کوششوں کو یکسر مسترد کرتا ہے، بھارت کا کوئی غیرقانونی قدم قابلِ قبول نہیں۔انھوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں سے حقِ رائے دہی چھیننا چاہتا ہے، جون سے لے کر اب تک بھارت نے ہزاروں جعلی ڈومیسائل جاری کیے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر محاذ گرم رکھے ہوئے ہے۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارت نے اس سال اب تک 2300 سے زائد سیز فائر خلاف ورزیاں کی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آج اسلام آباد میں تعینات سفارتکاروں کو ایل او سی کا دورہ کروایا جارہا ہے۔ پاکستان نے اقوامِ متحدہ اور عالمی میڈیا کو بھی ایل او سی کے دورے کے لیے خوش آمدید کہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت ایل او سی اور مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو جانے کی اجازت نہیں دے رہا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے اب تک جودھ پور میں 11 پاکستانی ہندوں کے قتل کی تحقیقات سے آگاہ نہیں کیا۔
واپس کریں