دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اجاگر کرنے میں لبریشن کمیشن فعال کردار ادا کررہاہے۔سبکدوش سیکرٹری اعجاز حسین لون
No image اسلام آباد (بیدار رپورٹ) جموں وکشمیرلبریشن کمیشن کے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری اعجاز حسین لون کے اعزاز میں کشمیرسنٹرراولپنڈی میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں میڈیا ونگ نیشنل کوآرڈی نیشن ونگ کے افسران واہلکاران نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز حسین لون نے کہا کہ مجھے جموں وکشمیرلبریشن کمیشن جیسے ادارے کا سیکرٹری رہنے اور پھرادارے سے سبکدوش ہونے پر فخر ہے جو کشمیر کاز کی پراجیکشن اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی زبردست خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کو روشناس کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کررہاہے۔ محکمہ کے افسران و اہلکاران بھرپور صلاحیتوں کے حامل ہیں اور شب وروز کشمیر کاز کی پراجیکشن میں مصروف عمل ہیں جس کے باعث یہ مسئلہ اندرون و بیرون ملک بھرپور انداز میں نمایاں ہورہاہے۔

مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے سلسلہ میں لبریشن کمیشن کا سوشل میڈیا ونگ بڑا فعال کردار ادا کررہاہے۔ علاوہ ازیں مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کے مختلف پہلوؤں کے متعلق ریسرچ امور کو بھی عمدہ انداز میں یکسو کیاجارہاہے۔ انھوں نے محکمہ کے سوشل میڈیا اور ریسرچ ونگ کو مزید منظم انداز میں فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈائریکٹر میڈیا ونگ سرور حسین گلگتی نے کہا کہ اعجاز حسین لون کا شمار آزادکشمیر کے نہایت لائق وفائق اور باصلاحیت افسران میں ہوتاہے جن سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ انھوں نے ہر موقع پر فرائض کی ادائیگی میں جونیئرز کی بھرپور رہنمائی کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملازمت کا دورانیہ باعزت مکمل کرکے سبکدوشی بڑے اعزاز کی بات ہوئی ہے اور اس حوالے سے اعجاز حسین لون بڑے خوش قسمت واقع ہوئے ہیں۔

ڈائریکٹر نیشنل کوآرڈی نیشن ونگ راجہ خان افسرخان نے کہا اعجاز حسین لون عرصہ دو سال تک جموں کشمیرلبریشن سیل کے سیکرٹری رہے جنھوں نے ادارے کی ترقی اور اسے اپنے مقاصد سے ہم آہنگ کرنے کے لیے شب وروز مشنری جذبے کے تحت کام کیا۔ ہمیں ہر مرحلہ پر ان کی سرپرستی اور شفقت حاصل رہی۔ اس موقع پر سابق ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹرغلام محمد اونتو،افسر محکمہ اطلاعات خواجہ عمران الحق، پروفیسر کوثر پروین، ڈپٹی ڈائریکٹر سردار عظیم سرور، اے ڈیز انعام الحسن، راجہ راشد رضا، انچارج سوشل میڈیا سردارنجیب الغفور خان اور دیگرافسران و اہلکاران نے شرکت کی۔اس موقع پر سابق سیکرٹری اعجاز حسین لون کو ادارے کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
واپس کریں