دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
یرغمال پولیس اہلکار رہا ، وائرلیس سیٹ واپس ، ایس ایچ او معطل ، مذاکرات کامیاب
No image چارسدہ ( کرائم رپورٹر ) پولیس سٹیشن تنگی کے یرغمال پولیس اہلکار کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں رہا کر دیئے گئے ہیں جبکہ محکمہ کو اہلکاروں سے چھینا گیا وائرلیس سیٹ بھی واپس کردیا گیا ہے ۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس مردان ریجن محمد علی خان گنڈاپور نے فورس کی عزت بحال کرتے ہوئے نہ صرف کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں مغوی اہلکاروں کی رہائی ممکن بنا دی بلکہ ایس ایچ او تنگی فضل داود کو بھی اس شرمناک فعل کے ارتکاب کی پاداش میں فوری طور پر معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تنگی فضل داود نے منشیات فروشی کے الزام میں تنگی کے ایک رہائشی کو گرفتار کرتے ہوئے اپنے گن مینز کے حوالے کیا کہ اسے حوالات لے جاکر بند کردے اور خود غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے موقع سے رفو چکر ہوگیا۔ موقع کے شاہدین کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او کو اندیشہ نقص امن کا مکمل یقین تھا اس لیئے ملزم کو خود لیکر تھانہ نہیں گیا۔اہلکار جب ایس ایچ او کے بغیر ملزم کو تھانہ لے کر جارہے تھے تو دریں اثنا علاقے کے مشتعل عوام نے دھاوا بول کر ملزم کو چھڑا لیا اور اہلکاروں کو زبردستی ملزم کے حجرے میں لے جاکر بند کردیا۔ اعلی افسیرز کو واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی عملی قدم اٹھایا گیا اور کامیاب جرگہ کے نتیجے میں مغوی اہلکاروں کو رہا کر دیا گیا۔ تاہم علاقے کے عوام نے وائرلیس سیٹ دینے سے انکار کیا جو بعد ازاں گزشتہ رات 11 بجے اعلی پولیس افیسرز کے حوالے کر دیا گیا۔ ملزم اور علاقہ عمائدین نے ایس ایچ او تنگی فضل داود پر الزام لگایا کہ وہ شرفاء پر منشیات فروشی کے الزامات لگا کر اور پکڑ دھکڑ کرتے ہوئے مال اینٹ رہے ہیں۔ اس الزام کی جانکاری اگر چہ اعلی سطح پر جاری ہے مگر ایس ایچ او کے اس بزدلانہ فعل پر جو بہادر پختونخوا پولیس کے لیئے باعث شرم ہے، ڈی آئی جی مردان ریجن نے ایس ایچ او کو معطل کر دیا۔مذکورہ ایس ایچ او گزشتہ طویل عرصے سے چارسدہ کے مختلف تھانوں میں بطور ایس ایچ او تعینات رہے ہیں جو ہمیشہ متنازعہ رہے ہیں۔ تحصیل تنگی کے عوام نے ڈی آئی جی محمد علی خان گنڈاپور کی کاروائی کو سراہتے ہوئے ان سے شفاف انکوائری کا مطالبہ کیا اور زور دیا کہ ضلع چارسدہ کے پولیس کو جرائم پیشہ اہلکاروں سے پاک کیا جائے۔ اہل علاقہ نے پولیس کو ہر طرح کی تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور عوام کا بھائیوں جیسا تعلق ہے جسے ایک سازش کے تحت بری شہرت کے اہلکار خراب کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
واپس کریں