آصف محمود
عمران خان کی اننگز ختم ہو گئی ہے، کھیل ابھی باقی ہے۔ قید کی تنہائی میں اگر وہ اپنے حقیقی دشمن کو پہچان پائیں تو وقت کا موسم بدل بھی سکتا ہے۔یہ دشمن کون ہے؟ یہ سوال ایک انگارہ ہے۔ عمران خان اسے اٹھا کر ہتھیلی پر رکھ لیں تو یہ بجھ جائے گا ورنہ اس میں یہ صلاحیت ہے کہ تحریک انصاف کے بچے کھچے خیموں کو بھی جلا کر راکھ کر دے۔انتخابی حریف عمران کے اصل دشمن نہیں، نہ ہی مقدمات اور جیلیں ان کا حقیقی چیلنج۔ ان کے دشمن وہ ’عمران خور‘ ہیں جو اپنے اپنے مفادات کے لیے ایک عرصے سے عمران کی منڈیر پر بیٹھے ہیں اور انہیں لمحہ لمحہ نوچ رہے ہیں۔
عمران خوروں کا کوئی نظریہ نہیں تھا۔ عمران کے ہمراہ امکانات دیکھ کر یہ اسے نوچنے چلے آئے۔ موسم ناسازگار ہوا تو کچھ اس کی منڈیر سے اٹھ گئے، کچھ ابھی بھی اس امید پر بیٹھے ہیں کہ کپتان کے انگور کی کچھ بیلوں کا رس ابھی باقی ہے۔
عمران خور کون ہیں؟ یہ ایک پیچیدہ سوال ہے۔ ان کی مختلف شکلیں ہیں اور مختلف روپ، طریقہ واردات مگر سب کا ایک جیسا ہے۔ان میں سے کچھ سیاسی یتیم تھے، معاشرے کے شعور اجتماعی نے جنہیں رد کر دیا تھا اور جنہیں میر کی طرح کوئی پوچھتا تک نہ تھا۔ عمران کی صورت انہیں اپنے لیے امکان نظر آیا تو اس کے ساتھ جا ملے۔
انہوں نے وہ بدزبانی شعار کی کہ ابلیس بھی پناہ مانگتا ہو گا۔ یہ اپنی اور دوسروں کی عزت سے یکسر بے نیاز تھے۔ ان کی زبانیں گویا جہنم کا الاؤ تھیں۔ عمران اور تحریک انصاف کے دامن میں انہوں نے نفرت کے سوا کچھ نہیں ڈالا۔ مراعات لیں، وزارتیں ہتھیائیں، مزے کیے اور پھر جیسے ہی وقت کا موسم ذرا سا بدلا، یہ عمران کی منڈیر سے اڑ گئے۔ ان کی بد زبانی کا نشانہ اب خود عمران ہیں۔ یہ اب کسی نئی منڈیر پر بیٹھ کر کسی اور کو نوچنے کی تلاش میں ہیں۔
عمران خوروں میں سے کچھ وکیل تھے۔ حلقہ انتخاب سے محروم سیاسی یتیم جن کی سیاست کا کل دارومدار اسی بات پر ہوتا ہے کہ پارٹی قائد مقدموں میں الجھا رہے اور ان کی اہمیت برقرار رہے۔ یہ عمران کا ذکر آنے پر اس کا تسمخر اڑایا کرتے تھے، لیکن ایک وقت آیا یہ عمران کے خیر خواہ بن کر اس کی منڈیر پر جا بیٹھے۔ اس کی مقبولیت کو خوب نوچا۔ مزے کیے۔
ان کی قانون مشاورت کا حال بھی وہی تھا کہ ’بجھ لیا چودھری جی چھولیاں دی دال اے۔‘ یہ حامد خان کی طرح قیادت کی غلطی کو غلطی کہنے کی جرات سے محروم تھے۔ ان کی کل مہارت یہ تھی کہ قیادت کی ہر غلطی کو قانونی جواز دے کر قیادت کی نظر میں معتبر ہو جایا جائے۔
عمران خوروں میں کچھ یو ٹیوبر تھے۔ ان کا عمران کے کاز سے کوئی لینا دینا نہ تھا۔ یہ عمران کی مقبولیت نوچ کر ریٹنگ اور ویوز کے متلاشی تھے۔ انہوں نے عمران کی ہر غلطی کا انسانی تاریخ کی پہلی دانش مندی بنا کر پیش کیا۔ اس کی مقبولیت کو نوچا، نفرت کو ہوا دی، معاشرے میں زہر بھرا اور کپتان کی سیاست کھائی میں پھینک آئے۔
عمران خوروں میں کچھ کالم نگار اور اینکر بھی تھے۔ انہیں بھی ریٹنگ چاہیے تھی۔ یہ روز تلے بیٹھے ہوتے تھے کہ عمران کوئی غلطی کرے اور یہ اس کو ماسٹر سٹروک اور انسانی شعور اور بصیرت کا کمال قرار دیں اور واہ واہ کریں۔ استعفوں سے اسمبلیاں توڑنے تک عمران کے ہر غیر سیاسی فیصلے کے ان عمران خوروں نے قصیدے لکھے۔ ان کے نزدیک حق اور باطل کا معیار یہ تھا کہ جو عمران کہہ دے حق باقی سب باطل۔ انہوں نے اپنا الو سیدھا کرنے کے لیے غلط نا قص اور بد نیتی پر مبنی تجزیے پیش کیے اور جب اس ہیجان کے نتائج سامنے آ گئے تو آرام سے لاتعلق ہو کر بے نیاز ہو گئے۔
ایسا نہیں کہ یہ ’عمران خور‘ ہی اس سب کے اکیلے ذمہ دار تھے، عمران خان خود اس عمران خوری کے سہولت کار تھے۔ انہیں صرف خوشامد اچھی لگتی تھی۔ وہ کوئی معقول بات سننے کو تیار نہ تھے۔ عمران نے 70 سالہ زندگی میں سے 50 سال ایک ہیرو کے طور پر گزارے۔ اس نے ان میں نرگسیت بھر دی اور یہ عارضہ فطری تھا۔
واہ واہ کے علاوہ وہ کچھ سننے کو تیار نہ تھے۔ دنیا کی ساری دانش گویا ان میں تھی اور ان کے علاوہ سب اس دھرتی کا بوجھ تھے۔ تند خو اور بد تمیز عناصر کی حوصلہ افزائی کی گئی اور نجیب اور شریف لوگ اجنبی ہوتے چلے گئے۔ انجام سامنے ہے۔
عمران کے سیاسی زاد راہ میں جتنی مقبولیت تھی اس سے آدھی معقولیت بھی ہوتی تو انجام مختلف ہوتا۔قید کی تنہائی میں عمران اگر اپنے مزاج کی تہذیب کر سکیں، اپنی پہاڑ جیسی غلطیوں سے سیکھ سکیں اور عمران خوروں کے طریقہ واردات کو سمجھ کر ان کی جگہ مخلص کارکنان کو ترجیح دینے کا عہد کر لیں تو اگلی اننگز مختلف بھی ہو سکتی ہے۔قید اور مقدموں سے سیاسی جماعتیں ختم نہیں ہوتیں، یہ قیادت کی اپنی غلطیاں ہوتی ہیں جو سیاسی جماعتوں کو تباہ کرتی ہیں۔
بشکریہ انڈپینڈنٹ
واپس کریں