رحمت اللہ نیازی
نوجوان کھلاڑیوں کی صدا سن لی گئی۔ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو پرفارمنس کا صلہ ملا ساتھ شارجہ کا پروانہ بھی مل گیا۔افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیئے پاکستان کی پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔شاداب خان کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا جبکہ ان کے ڈپٹی کی فرائض شان مسعود ادا کریں گے۔چیف سلیکٹر ہارون رشید کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کا اعلان کیا۔ورک لوڈ مینیجمنٹ کے باعث کپتان بابر اعظم سمیت پانچ سینیئر کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا گیا۔
بابر اعظم،محمد رضوان،شاہین شاہ آفریدی،حارث روف،فخر زمان کے بغیر پاکستان ٹیم 24 مارچ کو شارجہ میں افغانستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔
چیئرمین نجم سیٹھی کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ بابر اعظم پاکستان ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے کپتان ہیں اور رہیں گے۔افغان سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے کا مقصد نئے ٹیلنٹ کو آگے لانا ہے۔بابر اعظم کی کپتانی کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔سینیئر کھلاڑی کافی عرصہ سے مسلسل کرکٹ کھیل رہے تھے جس کی وجہ سے اس سیریز میں ان کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔ٹیم میں نوجوان کھلاڑی صائم ایوب،احسان اللہ اور زمان خان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے(ہم نے اپنے پچھلے کالم میں ان کھلاڑیوں کی شمولیت کا پہلے ہی زکر کیا تھا)۔
صائم ایوب نے پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئےشاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔صائم نے 167 کے سٹرائیک ریٹ سے 309 رنز اسکور کیئے جس میں تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔پاکستان کپ میں شاندار کارکردگی کا صلہ طیب طاہر کو بھی ملا جن کو پہلی مرتبہ پاکستان نیشنل ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
نوجوان فاسٹ باولنگ میں ملتان سلطان کے احسان اللہ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا جنہوں نے ایونٹ میں اب تک 20 وکٹیں حاصل کی ہیں۔لاہور قلندرز کے زمان خان کو بھی پہلی مرتبہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔زمان خان اب تک پی ایس ایل میں 12 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں وہ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں بھی ٹاپ وکٹ ٹیکر تھے۔ عبداللہ شفیق اور فہیم اشرف کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔دونوں کھلاڑی اس سے پہلے بھی پاکستان ٹیم کے مستقل رکن رہ چکے ہیں۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچز پر مشتمل سیریز کے لیئے پاکستان ٹیم 23 مارچ کو شارجہ روانہ ہو گی۔پاکستان کی پندرہ رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔
شاداب خان (کپتان)، شان مسعود،عبداللہ شفیق،صائم ایوب،طیب طاہر،محمد حارث، اعظم خان،افتخار احمد،عماد وسیم،محمد نواز،فہیم اشرف، وسیم جونیئر،نسیم شاہ،احسان اللہ اور زمان خان۔
واپس کریں