رحمت اللہ نیازی
21 جنوری کی شام کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پی ایس ایل سیزن آٹھ کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ پی ایس ایل کا رنگارنگ میلہ 13 فروری سے پاکستان کے چار شہروں لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان میں بیک وقت شروع ہونے جا رہا ہے۔ایونٹ کی افتتاحی تقریب ملتان اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی جبکہ افتتاحی مقابلہ دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور میزبان ٹیم ملتان سلطانز کے مابین کھیلا جائے گا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو سب سے زیادہ 11 میچز کی میزبانی کرنے کا موقع ملے گا۔لاہور، کراچی بالترتیب 9 ،9 مقابلے جبکہ ملتان سٹیڈیم کو افتتاحی میچ سمیت 5 میچز کی میزبانی حاصل ہو گی۔
پی ایس ایل سیزن 8 میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ پلے آف میچز کی میزبانی لاہور کو دی گئی ہے جبکہ فائنل میچ 19 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ نجم سیٹھی کی سربراہی میں کام کرنے والی کمیٹی نے چند روز پہلے کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد کا اعلان کیا تھا لیکن کور کمانڈر کوئٹہ کی ہدایات کے مطابق بگٹی اسٹیڈیم تاحال انٹرنیشنل میچز کے انعقاد کے لیے تیار نہیں ہے جس کی بنیادی وجہ سیکیورٹی کلیئرنس اور گراونڈ کی موجودہ صورتحال ہے۔
بہرحال پاکستان کرکٹ بورڈ لیگ سے پہلے وہاں ایک نمائشی میچ کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے خواتین ٹیم کے چند میچز بھی پی ایس ایل کے شیڈول میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ لیگ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے پر بھی ارکان کو اعتماد میں لیا گیا۔ پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن اس اعتبار سے منفرد ہے کہ اس مرتبہ سب سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی اس لیگ کا حصہ بن رہے ہیں جو اس لیگ کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حال ہی میں شروع ہونے والی ساوتھ افریقن لیگ اور امارات ٹی ٹوئنٹی لیگ کا انعقاد پی ایس ایل کے شروع ہونے سے پہلے کیا گیا ہے کیونکہ معاشی طور پر پی ایس ایل دنیا کی دوسری امیر ترین لیگ بن چکی ہے۔ گذشتہ کھیلے گئے سیزن میں فرنچائز مالکان کو ریکارڈ آمدنی ہوئی ہے۔ لیگ کے اینتھم سانگ کی تیاری پر بھی کام جاری ہے اور سانگ چند دن تک ریلیز کیا جائے گا جبکہ لیگ کا سپلیمنٹری ڈرافٹ 24 جنوری کو منعقد ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس مرتبہ بھی پی ایس ایل سے ریکارڈ آمدنی متوقع ہے ۔شائقین اپنی پسندیدہ ٹیموں کو ایکشن میں دیکھنے کے لئے بے تاب ہیں، پی ایس ایل میلہ سجنے کو تیار ہے۔
واپس کریں