رحمت اللہ نیازی
محنت، لگن اور جذبہ تمام شعبہء زندگی میں یہ تینوں خصوصیات انسان کو کامیابی کی ان منازل پر پہنچا دیتی ہیں جن کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا۔ ان تینوں خصوصیات کا مالک انسان عزت اور شہرت کی بلندیوں کو چھو لیتا ہے۔دس سالہ نوجوان جس نے بال بوائے کی حیثیت سے کرکٹ کے میدانوں میں قدم رکھا اور دیکھتے ہی دیکھتے اپنی ہمت اور لگن سے دنیا کے اوپر راج کرنے لگا۔ اس بال بوائے کو دنیا اب بابر اعظم کے نام سے جانتی ہے۔انتھک محنت اور والد کی بے پناہ سپورٹ کے باوجود بابر کا کرکٹ کا سفر انتہائی دشوار گزار اور کٹھن تھا لیکن اس کی مسلسل محنت اور کوشش میں نوجوان نسل کے لئے ایک بہترین کہانی موجود ہے ۔
گذشتہ روز آئی سی سی نے سال 2022 کے کرکٹ ایوارڈز کا اعلان کیا تو اس میں بابر اعظم کا نام سر فہرست تھا اس اعزاز نے نا صرف بابر بلکہ ملک پاکستان کا نام بھی دنیا بھر میں روشن کیا۔ بابر اعظم آئی سی سی کی مینز ٹیسٹ ٹیم ون ڈے ٹیم اور ٹی 20 ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔وہ بھارتی کپتان وہرات کوہلی کے بعد دنیا کے پہلے کھلاڑی ہیں جو رواں سال آئی سی سی کی تینوں ٹیموں کا حصہ بنے ہیں۔ اس سے پہلے وہرات کوہلی نے یہ اعزاز 2016 میں حاصل کیا تھا۔ بابر اعظم نے نا صرف یہ اعزاز حاصل کیا بلکہ وہ آئی سی سی مینز ون ڈے ٹیم کے کپتان بھی مقرر ہوئے ہیں جو کہ ان کی ون ڈے کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں بابر کی کپتانی میں پاکستان ٹیم نے تمام سیریز میں فتوحات حاصل کیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں بھی بابر اعظم نے 50 کی ایوریج سے 1100 رنز اسکور کیئے۔ ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان ٹیم نے ان کی کپتانی میں ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
بابر اعظم بلاشبہ دنیا کے بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے ہیں۔جہاں جہاں ان کے شائقین کی ایک کثیر تعداد موجود ہے وہیں کچھ ناقدین انکی اس شہرت سے حسد کا شکار رہتے ہیں اور وقتا فوقتا ان پر تنقید کے نشتر برساتے رہتے ہیں۔ ان تمام لوگوں کا مقصد کپتان کے خلاف محاز کھڑا کرنا اور بابر اعظم کو بطور کپتان کمزور کرنا ہوتا ہے۔ ملک پاکستان کو بابر کی صورت میں ایک ابھرتا ہوا ستارہ ملا ہے جو کے کافی عرصہ تک پاکستان کا نام روشن رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہمارا ملک ویسے ہی دنیا میں چند لوگوں کی کامیابیوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے اور ان لوگوں بلاشبہ بابر اعظم ایک بہتریں اضافہ ہے۔اس کو کھیلنے دیں اس ستارے کو چمکنے دیں۔
واپس کریں