دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
ہمارے مسائل ایلیٹ کلاس کبھی حل نہیں کرے گی
عامر ہزاروی
عامر ہزاروی
ہمارے مسائل ایلیٹ کلاس کبھی حل نہیں کرے گی ، ہمارے مسائل وہی حل کرے گا جو ہماری کلاس سے ہو گا ، اس سسٹم کو جکڑنے والوں نے بڑی سوچ سمجھ کے جکڑا ہے ،
یہاں جرنیل جج کا رشتہ دار ہے ، سیاست دان بیوروکریٹ کا سالا ہے ، کوئی کسی کا بہنوئی ہے اور کوئی کسی کا داماد ، آپ ایک کے خلاف جائیں گے تو دوسرا رکاوٹ بنا ہو گا ، تھپڑ مارنے والا بھی وہی ہے اور دلاسہ دینے والا بھی وہی ہے ، نوالہ چھیننے والا بھی وہی ہے اور امداد کرنے والا بھی وہی ہے ، ظلم کرنے والا بھی وہی ہے اور انصاف کے منصب پر بھی وہی بیٹھا ہے ، ایلیٹ کلاس کے کئی چہرے ہیں ان چہروں کو پہچاننے میں وقت لگے گا

سیدھی بات ہے۔ اپنے نمائندے وہی چنیں جو آپ جیسے ہیں ، محلات میں رہنے والوں کو یہ حق مت دیں کہ وہ آپ پر حکمرانی کریں ، لاکھوں کے جوتے پہننے والوں کو کوئی حق نہیں کہ وہ ننگے پاؤں چلنے والوں کے نمائندے ہوں ، کروڑوں کی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو ووٹ مت دیں ، امیری انجوائے کرنے والوں کو غریب کی بات نہ کرنے دیں ،

عمل میں تضاد دیکھیں تو گریبان پکڑیں ، جھٹلا دیں ، رد کریں ، سیدھا کہیں آپ ہم میں سے نہیں ہم آپ سے نہیں ہیں، یہ سسٹم تبھی ٹوٹے گا جب عام آدمی ایلیٹ کلاس کے مقابل کھڑا ہو گا ،
ہماری پارلیمنٹ میں عام آدمی کی نمائندگی دیکھیں کہ کتنے فیصد ہے ؟ عام آدمی کو یہ سسٹم قبول ہی نہیں کرتا ، چند لوگ صدیوں سے ہم پر مسلط چلے آ رہے ہیں ، اور ہم جانے انجانے میں ان کے گن گاتے ہیں ،
اس سسٹم سے بغاوت کریں ، بغاوت کا مطلب بندوق اٹھانا نہیں ، بغاوت کا مطلب اپنے جیسا نمائندہ چننا ہے ، ایلیٹ کلاس سے بغاوت کیجئے ،

جب تک یہ سسٹم نہیں ٹوٹے گا آپ ظلم کی چکی میں پستے رہیں گے ، جب تک پیدل چلنے والا ، عام گاڑی میں سفر کرنے والا ، کوٹھڑیوں میں رہنے والا آپ کا نمائندہ نہیں ہو گا تب تک ظلم سہتے رہیں -
اس ظلم کو عام آدمی ختم کر سکتا ہے ، عام آدمی کو شعور دیں ، عام آدمی اس سسٹم کو ختم کر سکتا ہے اس لیے کہ اس کے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں ہوتا -
واپس کریں