ڈاکٹر شہناز شورو
"حیرت انگیز! ناقابل یقین!ہمیں تو کچھ اور بتایا جاتا ہے اندرون سندھ کے
بارے میں کہ پیپلز پارٹی نے سندھ تباہ کر دیا ہے۔" تینوں اسکالرز سر شاہنواز بھٹو لائبریری کا وزٹ کرتے حیرت زدہ تھے۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ بلاناغہ ڈھائی سے تین ہزار طالبعلم اس لائبریری میں آتے ہیں۔ دس کے دس ہال لڑکوں اور لڑکیوں سے بھرے ہوں اور سب انہماک سے کتاب پڑھنے اور لکھنے میں منہمک ہوں۔ خاموشی ایسی کہ سوئی گرنے کی آواز تک سنائی دے۔ احتیاط ایسی کہ کرسی کھسکانے کی آواز نہ پیدا ہو۔ تربیت ایسی کہ ہم تو اونچی آواز میں بات کریں اور ان کی آواز سرگوشی کہ آس پاس کے طلبا کا دھیان گیان نہ متاثر ہو۔ ہم ان کی کتابیں دیکھیں کہ موتی کیسے سجے ہیں یا ان کی کتابوں پر رنگ برنگے حاشئے کہ جملوں کے مفہوم تک کیسے پہنچا جائے۔
میں نے صبح لائبریری کا وزٹ کیا تھا مگر شوق علم سے تمتماتے چہرے دیکھ کر ایسی سرخوشی میں مبتلا تھی کہ مہمانوں کے آتے ہی ان سے فرمائش کی کہ پہلے لائبریری پھر کچھ اور۔ سو میرا ایک ہی دن میں اس شاندار لائبریری میں دوسرا وزٹ تھا۔
وقار بتا رہا تھا: شہید بابا نے یہ لائبریری 1974 میں اپنے والد کے نام پر بنوائی مگر ان کی حکومت ختم ہوتے ہی اس لائبریری میں ملٹری کورٹس بنا دی گئیں جو اس وقت تک قائم رہیں جب تک بی بی شہید کی واپسی نہ ہوئی اور پاکستان میں ڈیموکریسی ریسٹور نہ ہوئی۔
میرا کہنا تھا کہ میڈیا مافیا نے گزشتہ 40 برسوں سے سندھ اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف جو زہر کانوں میں گھولا ہے اس کا جواب یہی ہے کہ آپ سکالرز خود ہمارے شہر، دیہات، تعلیمی ادارے اور لائبریریاں وزٹ کریں۔ عوام سے گھلیں ملیں۔ ان کی بات سنیں، اپنی سنائیں اور واپس جا کر لوگوں کو بتائیں کہ سندھ کیا سوچ رہا ہے۔
"بہت گرمی ہے ورنہ جن لوگوں کو جگہ نہیں ملتی وہ لان میں بیٹھ کر پڑھتے ہیں۔ آج کل تو رمضان ہے تو بچے افطار کے وقت چلے جاتے ہیں، ورنہ جب تک لائبریری کھلی رہتی ہے وہ پڑھتے رہتے ہیں۔" وقار ہماری معلومات میں اضافہ کر رہا تھا۔
ہم ایک ہال سے دوسرے ہال کی طرف جانے کے لئے ایک دروازے سے باہر نکلے۔ کئی نوجوان آتے جاتے نظر آئے۔ ایک نوجوان کے ہاتھ میں رومال کی پوٹلی دکھائی دی۔ اللہ جانے اس میں اچار، سبزی یا پیاز کے ساتھ روٹی بندھی تھی یا پراٹھا۔ ممتاز کلیانی صاحب بے ساختہ بولے: یہ میں ہوں۔ یہ میرا ماضی ہے۔
وقار بولتا رہا۔ اس لائبریری نے بے شمار بڑے لوگ پیدا کئے ہیں۔ یہ لائبریری ۔۔۔۔۔
واپس کریں