ایک ایسا یورپی ملک جہاں رہائش اختیار کرنے پر لاکھوں روپے ملیں گے
کیا آپ بھی اٹلی میں زندگی گزارنے کا خواب دیکھ رہے ہیں تو جان لیجیے اب نہ صرف آپ کا یہ خواب حقیقت میں بدل سکتا ہے بلکہ اس ملک میں رہائش اختیار کرنے پر آپ کو لاکھوں روپے بھی دیے جائیں گے-
حال ہی میں اٹلی کی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اٹلی کے خطے تسکانی Tuscany کے دیہی علاقوں میں رہائش اختیار کرنے والے افراد کو 30 ہزار یورو تک ادا کیے جائیں گے جبکہ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں لگ بھگ 90 لاکھ پاکستانی روپے بنتی ہے۔
درحقیقت اس منصوبے کا مقصد آبادی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانا ہے۔ اس مقصد کے لیے تسکانی کے حکام نے جون 2024 میں ایک پروگرام متعارف کرایا جس کے لیے 28 لاکھ یورو مختص کیے گئے۔
اس فنڈ کا مقصد خطے کے دیہی علاقوں میں آبادی کو بڑھانا ہے اور اس مقصد کے لیے وہاں منتقل ہونے والوں کو 10 ہزار سے 30 ہزار یورو تک دیے جائیں گے جسے وہ گھر کی آرائش پر خرچ کرسکیں گے۔
تسکانی وسطی اٹلی میں واقع خوبصورت خطہ ہے جس میں پہاڑی علاقوں کی تعداد زیادہ ہے۔ پروگرام کی ویب سائٹ میں بتایا گیا کہ اس کا مقصد آبادی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں کو سماجی و معاشی لحاظ سے بہتر بنانا ہے۔ تسکانی کے 5 ہزار سے کم آبادی والے 76 قصبوں یا شہروں میں رہائش کے لیے گھر کی تزئین نو کے 50 فیصد اخراجات اس پروگرام کے تحت دیے جائیں گے۔
یہ پروگرام اطالوی شہریوں کے ساتھ یورپی یونین کے رہنے والوں اور یورپی یونین سے باہر کے ایسے شہریوں کے لیے ہے جن کے پاس اٹلی کا 10 سال کا ویزا موجود ہو۔ اہل افراد کو تسکانی کی جائیداد کو اپنا مرکزی گھر بنانا ہوگا یا یوں کہہ لیں کہ وہاں مستقل قیام کرنا ہوگا۔ اس پروگرام کے لیے درخواستیں 27 جولائی 2024 تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
واپس کریں