محمد ریاض ایڈووکیٹ
گزشتہ سے پیوستہ ۔۔۔۔ہفتم: گیارہ نومبر 1974 کو مسٹر خان کے قتل کی تحقیقات، جو 3 مئی 1976 کو بند کر دی گئی تھی، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کے زبانی حکم پر دوبارہ کھولی گئی۔ استغاثہ نے کبھی یہ نہیں بتایا کہ کیسے اور کیوں؟ بتیس ماہ پرانے کیس کی تحقیقات، جو چودہ ماہ قبل بند کر دی گئی تھی، دوبارہ کھول دی گئی۔ یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ تحقیقات ایف آئی اے کو کیسے اور کیوں منتقل کی گئیں۔ یہ دونوں کارروائیاں (تفتیش کا دوبارہ آغاز اور اس کی ایف آئی اے کو منتقلی) جنرل ضیاء الحق کی بغاوت کے بعد مسٹر بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹنے کے فوراً بعد کی گئیں۔ کیس دوبارہ زندہ کردیا گیا۔
ہشتم: تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت قتل کا مقدمہ صرف سیشن کورٹ ہی چلا سکتا ہے۔ لہٰذا، تحقیقاتی رپورٹ، جو مجسٹریٹ کو پیش کی گئی، 12 ستمبر 1977 کو سیشن جج، لاہور کو بھجوا دی گئی۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد مقدمے کی سماعت شروع ہو چکی تھی۔ تاہم اگلے ہی دن 13 ستمبر 1977 مقدمہ فوجداری اصل نمبر 60/77، بعنوان ریاست بمقابلہ زیڈ اے بھٹو جسٹس مشتاق حسین، قائم مقام چیف جسٹس کے سامنے آیا کیس کو ٹرائل کے لیے اس عدالت میں منتقل کیا گیا اس حقیقت کے باوجود کہ لاہور کے سیشن جج 12 ستمبر 1977 کو اس کیس کا نوٹس لے چکے ہیں۔ یہ ناقابل فہم ہے کہ پھر کیس کو قائم مقام چیف جسٹس مشتاق حسین کی عدالت میں کیوں پیش کیا گیا۔ جسٹس مشتاق حسین نے فوری طور پر اور اسی دن 13 ستمبر 1977 کو مندرجہ ذیل حکم جاری کرتے ہوئے مذکورہ پٹیشن منظور کرلی، درخواست میں کی گئی گذارشات کے پیش نظر کیس کو ٹرائل کے لیے اسی عدالت یعنی لاہور ہائیکورٹ میں منتقل کیا جاتا ہے۔ اس کی سماعت فل بنچ کرے گی۔ اور حیران کن طور پر فل بینچ کی سماعت کی سربراہی بھی جسٹس مشتاق حسین نےخود ہی کی۔
نہم: 24 ستمبر 1977 کو بھٹو اور دیگر شریک ملزمان کا ٹرائل شروع ہوا۔ ہائیکورٹ نے شواہد طلب کرنے کا حکم دیا تاہم ملزمان عدالت میں موجود ہونے کے باوجود ان پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔ اگلی تاریخ یعنی 3 اکتوبر 1977 کو بھی چارج فریم نہیں کیا گیا۔ چارج فریم کرنا ایک لازمی شرط ہے، اور اس کے فریم ہونے کے بعد ہی مقدمے کی سماعت شروع ہو سکتی ہے۔ بالآخر 11 اکتوبر 1977 کو الزام عائد کیا گیا جبکہ تمام ملزمان نے جرم قبول نہیں کیا۔ 11 اکتوبر 1977 سے 25 فروری 1978 تک لاہور ہائی کورٹ جو ٹرائل کورٹ کے طور پر کام کر تی رہی نے استغاثہ کے اکتالیس گواہوں اور چار دفاعی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں۔ 2 مارچ 1978 کو فیصلہ محفوظ کیا گیا اور 18 مارچ 1978 کو اس کا اعلان کیا گیا۔ بھٹو کو تعزیرات پاکستان میں درج جرائم کی درج ذیل دفعات کے تحت سزا سنائی گئی: (a) دفعہ 120-B پانچ سال قید بامشقت کی سزا سنائی، (b) دفعہ 302 کیساتھ دفعہ 301 اور 111 ملاکر سزائے موت اور (c) دفعہ 307 اور دفعہ 109 ملاکر، ہر جرم کے لیے سات سال سخت قید کی سزا سنائی گئی۔
دہم: ذوالفقار علی بھٹو نے سپریم کورٹ میں اپنی سزا کے خلاف اپیل کی، لیکن ان کی اپیل 6 فروری 1979 کو چار تین کی اکثریت سے خارج کر دی گئی۔ بھٹو کی فوجوداری اپیل کو مسترد کرنے والے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کی گئی تھی، لیکن اسے 24 مارچ 1979 کو متفقہ طور پر خارج کر دیا گیا تھا۔
گیارہ: ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت کے لئے پھانسی کے وارنٹ یعنی ڈیتھ وارنٹ پر جسٹس مشتاق حسین نے دستخط کیے جو اب لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بن چکے تھے۔ موت کے وارنٹ کا اختتام ان الفاظ میں ہوا: میرے ہاتھ اور عدالت کی مہر کے تحت 25 مارچ 1979 کو دیا گیا، اور راولپنڈی کے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل کو اپریل 1979 کے دوسرے دن سزا پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی۔ پھانسی کی تاریخ بعد میں اپریل 1979 کے چوتھے دن میں تبدیل کر دی گئی۔ بھٹو کو پھانسی دے دی گئی اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل راولپنڈی نے ایک سرٹیفکیٹ جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو 4 اپریل 1979 بروز بدھ راولپنڈی میں اس وقت تک گردن سے لٹکایا گیا جب تک وہ مر نہیں گئے۔ اور یہ کہ لاش پورے ایک گھنٹہ تک لٹکی رہی اور اس وقت تک نہیں اتاری گئی جب تک کہ میڈیکل آفیسر نے زندگی کے معدوم ہونے کا یقین نہ کرلیا۔
بارہ: صدر زرداری کے ریفرنس کے جواب میں سپریم کورٹ نے کہا کہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں، اور زور دینا چاہتے ہیں کہ ہم کسی درخواست، اپیل یا نظرثانی کی درخواست کی سماعت نہیں کر رہے ہیں۔ نہ تو آئین اور نہ ہی قانون ایسا طریقہ کار فراہم کرتا ہے جس کے تحت بھٹو کی سزا کو کالعدم قرار دیا جاسکے۔ کیونکہ سپریم کورٹ کی جانب سے نظرثانی کی درخواست خارج ہونے کے بعد بھٹو کی سزا حتمی شکل اختیار کرچکی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت ہمارے مشاورتی دائرہ اختیار میں فیصلے کو کالعدم نہیں کیا جا سکتا۔تیرہ: بھٹو کی سزا اور سزا کے حوالے سے 6 مارچ 2024 کو ہم نے درج کیا تھا کہ اپنی تفصیلی وجوہات میں، ہم ان بڑی آئینی اور قانونی خامیوں کی نشاندہی کریں گے جو منصفانہ ٹرائل اور مناسب عمل کے حوالے سے ہوئی تھیں۔ اس کی تفصیلی وجوہات درج ذیل ہیں۔ ( جاری ہے۔۔۔۔۔۔)
واپس کریں